سندھ رینجرز کا عزیر بلوچ سے ابتدائی تفتیش کے بعد ذوالفقار مرزا،نبیل گبول اور قادر پٹیل کا نام ای سی ایل میں شامل کر نے کیلئے وزارت داخلہ سے رابطہ

وزارت داخلہ نے رینجرز کی درخواست پر تینوں رہنماؤں کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ، آئندہ چند روز میں باضابطہ نو ٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا، ذرائع

پیر 1 فروری 2016 22:28

کراچی /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم فروری۔2016ء) لیاری گینگ وار کے سربراہ عزیر بلوچ سے ابتدائی تفتیش کے بعد سندھ رینجرز نے سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا،سابق رکن قومی اسمبلی نبیل گبول اور قادر پٹیل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں شامل کر نے کیلئے وفاقی وزارت داخلہ سے رابطہ کر لیا ہے،وزارت داخلہ نے رینجرز کی درخواست پر تینوں رہنماؤں کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور آئندہ چند روز میں اس حوالے سے باضابطہ نو ٹی فکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق لیاری گینگ وار کے سربراہ عزیر بلوچ نے ابتدائی تفتیش میں پیپلز پارٹی کے کئی اہم رہنماؤں کے ساتھ وابستگی کا اعتراف کیا ہے،ذرائع کے مطابق عزیر بلوچ نے جن پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے وابستگی کا اعتراف کیا ہے ان میں سے 2رہنماء پہلے ہی ملک سے باہر ہیں جن میں سابق رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل اور وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن پہلے ہی ملک سے باہر ہیں جبکہ شرجیل میمن نام دیگر کرپشن کیسز کی وجہ سے پہلے ہی ای سی ایل میں شامل ہے،ذرائع کے مطابقسندھ رینجرز نے ملک میں موجود سابق رکن قومی اسمبلی نبیل گبول اور سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے وفاقی وزارت داخلہ سے رابطہ کر لیا ہے جبکہ رینجرز نے ملک سے باہر بیٹھے پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل کا بھی نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں ڈالنے کیلئے رابطہ کیا ہے ،زرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے رینجرز کی درخواست پر ذوالفقار مرزا، نبیل گبول اور قادر پٹیل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور آئندہ چند روز میں اس حوالے سے باضابطہ نو ٹی فکیشن جاری کر دیا جائے گا۔