بلوچستان میرے دل کے قریب امن و خوشحالی اولین ترجیح ہے، نواز شریف

صوبے کی ترقی وفاقی حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست رہے گی، اقتصادی راہدری منصوبے کی تکمیل سے بلوچستان میں ترقی کے سفر کا اغاز ہو گا، وزیراعظم کا سپیکر بلوچستان اسمبلی سے ملا قات میں اظہا ر خیال

منگل 2 فروری 2016 12:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 فروری۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میرے دل کے قریب امن و خوشحالی اولین ترجیح ہے، صوبے کی ترقی وفاقی حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست رہے گی ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ترجمان وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سپیکر صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید درانی نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمدنواز شریف سے ملاقات کی ہے اورصوبائی اسمبلی کی پارلیمانی کارروائی سے آگا ہ کیا ہے جبکہ اس موقع پر دونوں کے درمیان بلوچستان میں امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی ہے ، اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے راحیلہ حمید درانی کو سپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے اور کہا کہ صوبائی اسمبلی کی پہلی خاتون سپیکر منتخب ہونا اعزاز کی بات ہے ،امید ہے راحیلہ درانی ایوان کو احسن انداز میں چلانے میں اپنا کردار ادا کریں گی ،وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی اداروں کی کاوشوں سے بلوچستان میں امن امان کی صورتحال بہتر ہو ر ہی ہے ، بہت جلد بلوچستان پاکستان کے دیگر علاقوں کی طرح پر امن صوبہ ہو گا ،وفاقی حکومت صوبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے گوادر سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں کو پاکستان کے دیگر بڑے شہروں کی طرح بنائیں گے ، پاک چین اقتصادی راہدری منصوبے کی تکمیل سے بلوچستان میں ترقی کے سفر کا اغاز ہو گا ، یہ بلوچستان سمیت خطے کے تمام ممالک کے خوشحالی کا پیغام ہے ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان میرے دل کے قریب ہے اور حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے میں سر فہرست رہے گا ،اس موقع پر سپیکر صوبائی اسمبلی نے بلوچستان کی ترقی میں خصوصی دلچسپی دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔