ساری زندگی مفت چاکلیٹ دی جائے۔ طالبہ نے مطالبہ کردیا

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی منگل 2 فروری 2016 12:49

ساری زندگی مفت چاکلیٹ  دی جائے۔ طالبہ نے مطالبہ کردیا

(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2فروری2016ء)چاکلیٹ کی شوقین طالبہ نے نیسلے سے مطالبہ کیا ہے کہ اسے ساری زندگی کے لیے مفت کٹ کیٹ دی جائے۔ کنگز کالج، لندن کی سال دوئم کی طالبہ 20 سالہ صائمہ احمد نے کٹ کیٹ کے بہت سے چاکلیٹ بارز خریدے۔ اُن میں سے 8 چاکلیٹ بارز میں سرے سے چاکلیٹ ہی نہیں تھیں۔صائمہ احمد نے نیسلے کو خط لکھا ہے کہ انہوں نے اپنے صارفین کا خیال رکھنے کے فرض کو نظرانداز کر دیا ہے۔

صائمہ نے اپنے مطالبے کو قانونی سہارا دینے کے لیے 1930 کی دہائی کے ایک مقدمے کی مثال بھی دی ہے۔صائمہ کا کہنا ہے کہ نیسلے نے کٹ کیٹ کے اشتہار میں ایک منفرد تصور دیا جبکہ مجھے اسے خرید کر خاصی مایوسی ہوئی۔ صائمہ کو امید ہے کہ نیسلے اس سے معافی مانگنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں اپنی مصنوعات کی کوالٹی بہتر بنائےگا۔

(جاری ہے)

صائمہ کا کہنا ہے کہ وہ تنہا ایسی نہیں جسے چاکلیٹ کے بغیر خالی ریپر ملے ہیں۔

انٹرنیٹ پر بہت سے لوگوں نے اسی طرح کی شکایت کی ہے۔ صائمہ کا کہنا ہے کہ اسے ساری زندگی کے لیے مفت چاکلیٹ فراہم کی جائے تاکہ وہ کوالٹی کنٹرول پر نظر رکھ سکے، ایسا نہ کرنے کی صورت میں اس نے نیسلے پر مقدمہ کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔صائمہ کا کہنا ہے کہ اس کا مطالبہ پورا ہونے سے کسٹمر سروس میں بہتری آئےگی۔ نیسلے کا کہنا ہے کہ اگر ہمارے کسی صارف کو ہم سے کوئی شکایت ہے تو ہم سے آن لائن، فون پر یا ڈاک کے ذریعے رابطے میں رہے۔ ہم اس کی شکایت دور کرنے کی کوشش کریں گے۔