سمال اور میڈیم انڈسٹریز کے مسائل کے حل پر توجہ دی جائے، تاجروں کی انجمنیں اور فیڈریشن اپنا کردار ادا کریں ، ملکی برآمدات میں خاطر خواہ اضافے کے لئے اقدامات کئے جائیں، تاجر اورصنعت کار برادری اپنی پرخلوص محنت سے برآمدات میں کئی گنا اضافہ کر سکتی ہے

صدر مملکت ممنون حسین کی تاجروں سے گفتگو

منگل 2 فروری 2016 16:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 فروری۔2016ء ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ سمال اور میڈیم انڈسٹریز کے مسائل کے حل پر توجہ دی جائے اور اس سلسلے میں تاجروں کی انجمنیں اور فیڈریشن اپنا کردار ادا کریں ، ملکی برآمدات میں خاطر خواہ اضافے کے لئے اقدامات کئے جائیں ، انہوں نے کہا کہ تاجر اورصنعت کار برادری اپنی پرخلوص محنت سے برآمدات میں کئی گنا اضافہ کر سکتی ہے۔

وہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر میاں ہمایوں پرویز اوران کے ساتھ موجود دیگر تاجر راہنماوٴں سے بات کررہے تھے جنہوں نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ بھارت کی بیس بلین ڈالر برآمدات کے مقابلے میں ہماری برآمدات صر ف سو ملین ڈالر ہیں جو بہت کم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت تاجر اور صنعت کار طبقے کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے اور تاجر وں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے پر آمادہ ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ تاجر اپنی برآمدات میں اضافے کے لیے سفارت کاروں سے بھی رابطے بڑھائیں۔صدر مملکت نے کہا کہ تاجر برادری کی ذمہ داری ہے کہ اپنے صفوں میں موجود ٹیکس میں بد عنوانی کرنے والوں کو بھی بے نقاب کرے۔ راولپنڈی چیمبر کے صدر میا ں ہمایوں پرویز نے حکومت کی معاشی پالیسییوں کو سراہا اور میٹروبس منصوبے کو حکومت کا بہت اچھا قدم قراردیا۔

انہوں نے کاروباری سرگرمیں اور کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے میں گہری دلچسپی لینے پر صدر مملکت کا شکریہ اداکیا۔دریں اثناء صدر مملکت سے الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال کے وفد نے بھی ملاقات کی ،صدر مملکت نے ٹرسٹ کے صدر لیفٹیننٹ جنرل(ریٹائر)حامد جاوید او ر ان کے وفد سے کہا کہ اس ادارے کی انسانیت کے لیے بہت خدمات ہیں اور ان کی اس ادارے کے بانی جنر ل (ریٹائر) جہانداد مرحوم سے بھی کافی ملاقاتیں رہی ہیں۔

صدر مملکت نے الشفاء ہسپتال کی سکھر برانچ میں مزید خدمات کی فراہمی پر زور دیا اور کہا کہ ڈاکٹرز کو دور دراز علاقوں میں بھی جا کر انسانیت کی خدمت کرنی چاہیے۔ الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائر) حامدجاوید نے صدر مملکت ممنون حسین کو بتایا کہ ملک میں ہر سال تین لاکھ بچے بصارت سے محروم ہو رہے ہیں ان کے علاج کے لیے الشفاء آئی ٹرسٹ ان کے لیے الگ سے ہسپتال بنا رہا ہے جو اس ریجن کا بچوں کے لیے پہلا ہسپتال ہوگا۔ انہوں نے صدر مملکت کو اس ہسپتال کے افتتاح کی دعوت بھی دی جو صدر مملکت نے ان کی دعوت قبول کر لی۔

متعلقہ عنوان :