سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کرداروں کو سزا ملتی تو آج پی آئی اے ملازمین کیساتھ ایسا نہ ہوتا، پرویز مشرف،ڈاکٹر محمد امجد

اپنے حق کیلئے آواز اٹھانیوالوں پر گولیاں چلا کر انہیں شہید کرنے سے حکومت کی عوام دشمنی کھل کر سامنے آ چکی جمہوریت کا راگ الاپنے والوں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ،ثابت ہوگیا حکمران عوامی مسائل حل کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے، بیان

منگل 2 فروری 2016 17:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر)پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کرداروں کو سزا ملتی تو آج پی آئی اے ملازمین کے ساتھ ایسا نہ ہوتا۔ اپنے حق کے لئے آواز اٹھانے والوں پر گولیاں چلا کر انہیں شہید کرنے سے حکومت کی عوام دشمنی کھل کر سامنے آ چکی۔

جمہوریت کا راگ الاپنے والوں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں ثابت ہوگیا کہ حکمران عوامی مسائل حل کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے۔ قومی ادارے بیچنے کا حکومتی عمل بدنیتی پر مبنی ہے۔ حکومت قرضے اتارنے کے لئے قومی ادارے بیچنا چاہتی ہے۔نواز شریف اپنی بھٹی چلانے کے لئے اس میں عوام کو ایندھن کے طور پر جھونک رہے ہیں۔ہمارا مطالبہ ہے کہ حکمران فوراً حکومت سے الگ ہوجائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ن لیگی حکمران اپنے حقوق کے لئے آوازا ٹھانے والوں کو گولیوں سے بھوننے کی عادی ہے۔جمہوریت کا راگ الاپنے والے ن لیگی حکمران جمہوریت سے کوسوں دور ہیں ۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نہتے عوام کو گولیوں کا نشانہ بنانے والوں کو نشان عبرت بنایا جاتا تو آج پی آئی کے اے ملازمین کو خون میں نہ نہلایاجاتا۔

انہوں نے کہا کہ نجکاری کے عمل میں حکومت بدنیت ہے۔عالمی مالیاتی اداروں کو قرض واپس کرنے کے لئے قومی ادارے بیچے جارہے ہیں جو کہ قوم کے لئے نقصان دہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف ٹولہ اپنے مالی مفادات کے لئے قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔اے پی ایم ایل کے راہنماؤں نے حکومت سے نااہلیوں کی بنا پرفوراً مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے مظاہرین پر گولیاں چلانے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے پی ایم ایل مظاہرین کے ساتھ ہے اور ان کی بھرپور حمایت کرے گی ۔ دریں اثناء آل پاکستان مسلم لیگ فیڈرل کیپیٹل کے راہنماؤں راجہ حماد حسین، حاجی مطلوب احمد، چودھری افسر اور دیگر نے بھی کراچی میں اھٹجاجی مظاہرین پر گولیاں چلانے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر حکومت کے خلاف غم و غصے کا اظہار کیا۔