بگ تھری کو شدید خطرات لاحق ، آسٹریلیا نے چیئرمین کیلئے جائلز کلارک کی حمایت سے انکار کردیا

بھارتی بورڈ کے صدر ششانک منوہر پہلے ہی نئے چیئرمین کیلئے’غیرجانبدار‘ کی شرط عائد کرچکے ہیں،منوہر خود بگ تھری اور اس کے نتیجے میں سامنے آنیوالے ریونیو کی بندر بانٹ منصوبے کیخلاف ہیں نئے چیئرمین ڈیوڈ پیویر اور چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ نے انھیں اس عہدے کیلیے ووٹ دینے سے صاف انکار کردیا ہے

منگل 2 فروری 2016 20:55

بگ تھری کو شدید خطرات لاحق ، آسٹریلیا نے چیئرمین کیلئے جائلز کلارک ..

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 فروری۔2016ء) نٹر نیشنل کر کٹ کونسل (آئی سی سی)میں بگ تھری کو شدید خطرات لاحق ہو گے، آسٹریلیا نے چیئرمین کی پوسٹ کیلئے انگلینڈ کے جائلز کلارک کی حمایت کرنے سے صاف انکار کردیا، بھارتی بورڈ کے صدر ششانک منوہر پہلے ہی نئے چیئرمین کیلئے’غیرجانبدار‘ کی شرط عائد کرچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر سری نواسن نے اپنے لالچی پن کی وجہ سے بگ تھری کے نام پر انٹرنیشنل کرکٹ کو بری طرح تباہ کیا، اب جبکہ وہ خود رسوا کن انداز میں کھیل سے بیدخل ہوچکے ، بگ تھری میں بھی دراڑیں پڑنا شروع ہوگئی ہیں۔

سری نواسن کی جگہ آئی سی سی کے چیئرمین کا عہدہ بی سی سی آئی کے صدر ششانک منوہر نے سنبھالا، اس کی معیاد جون میں ختم ہوجائیگی۔

(جاری ہے)

منوہر خود بگ تھری اور اس کے نتیجے میں سامنے آنیوالے ریونیو کی بندر بانٹ منصوبے کیخلاف ہیں، وہ اس بارے میں اپنا موقف پیش بھی کرچکے،ان کا کہنا تھا کہ آپ کسی بھی طرح غریب کو غریب تر اور امیر کو امیر تر نہیں بناسکتے۔

انھوں نے بھارتی کرکٹ کی باگ ڈور سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے مفادات کے ٹکراؤ کے خاتمے کی پالیسی اختیار کی، اسی بنیاد پر آئی سی سی سے بھی سفارش کی ہے کہ اگلا چیئرمین مکمل طور پر غیر جانبدار ہونا چاہیے، بگ تھری کے قیام پر طے پانے والے منصوبے کے تحت انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین اور موجودہ نمائشی صدر جائلز کلارک کو چیئرمین بننا ہے، مگر ششانک کی سفارش کے مطابق انھیں ووٹنگ میں حصہ لینے سے قبل انگلش بورڈ سے قطع تعلق کرنا ہوگا، انھیں اپنے سب سے بڑے حلیف آسٹریلیا کی مخالفت کا بھی سامنا ہے۔جس کے نئے چیئرمین ڈیوڈ پیویر اور چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ نے انھیں اس عہدے کیلیے ووٹ دینے سے صاف انکار کردیا ہے۔ ۔

متعلقہ عنوان :