سمال اور میڈیم انڈسٹریز کے مسائل کے حل پر توجہ دی جائے ،تاجروں کی انجمنیں اور فیڈریشن اپنا کرار ادا کریں‘ممنون حسین

ملکی برآمدات میں خاطر خواہ اضافے کیلئے اقدامات کئے جائیں تاجر اور صنعت کار برادری اپنی پر خلوص محنت سے برآمدات میں کئی گنا اضافہ کر سکتی ہے،صدر مملکت کی راولپنڈی چیمبر کے رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو

منگل 2 فروری 2016 20:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 فروری۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ سمال اور میڈیم انڈسٹریز کے مسائل کے حل پر توجہ دی جائے اور اس سلسلے میں تاجروں کی انجمنیں اور فیڈریشن اپنا کرار ادا کریں‘ ملکی برآمدات میں خاطر خواہ اضافے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ تاجر اور صنعت کار برادری اپنی پر خلوص محنت سے برآمدات میں کئی گنا اضافہ کر سکتی ہے۔

صدر مملکت نے یہ بات راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدرمیاں ہمایوں پرویز اور ان کے ساتھ موجود دیگر تاجر راہنماؤں سے بات کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں صدرمملکت سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ بھارت کی بیس بلین ڈالر برآمدات کے مقابلے میں ہماری برآمدات صرف سو ملین ڈالر ہیں جو بہت کم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت تاجر اور صنعت کار طبقے کو ہر ممکن سہولت فراہم کررہی ہے اور تاجروں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے پر آمادہ ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ تاجر اپنی برآمدات میں اضافے کیلئے سفارت کاروں سے بھی رابطے بڑھائیں۔ صدر مملکت نے کہاکہ تاجر برادری کی ذمہ داری ہے کہ اپنی صفوں میں موجود ٹیکس میں بدعنوانی کرنے والوں کو بھی بے نقاب کرے۔ راولپنڈی چیمبر کے صدر میاں ہمایوں پرویز نے حکومت کی معاشی پالیسی کو سراہا اور میٹرو بس منصوبے کو حکومت کا بہت اچھا اقدام قرار دیا۔

انہوں نے کاروباری سرگرمیوں اور کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے میں گہری دلچسپی لینے پر صدر مملکت کا شکریہ اداکیا۔ دریں اثناء صدر مملکت سے الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے ٹرسٹ کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) حامد جاوید اور ان کے وفد سے کہا کہ اس ادارے کی انسانیت کیلئے بہت خدمات ہین اور ان کی اس ادارے کے بانی جنرل (ریٹائرڈ) جہانداد مرحوم سے بھی کافی ملاقاتیں رہی ہیں۔

صدرمملکت نے الشفاء ہسپتال کی سکھر برانچ میں مزید خدمات کی فراہمی پر زور دیا ور کہا کہ ڈاکٹرز کو دور دراز علاقوں میں بھی جاکر انسانیت کی خدمت کرنی چاہیے۔ الشفاء آئی ترسٹ ہسپتال کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) حامد جاوید نے صدر مملکت ممنون حسین کو بتایا کہ ملک میں ہر سال تین لاکھ بچے بصارت سے محروم ہورہے ہیں ان کے علاج کیلئے الشفاء آئی ٹرسٹ ان کیلئے الگ سے ہسپتال بنا رہاہے جو اس ریجن کا بچوں کیلئے پہلا ہسپتال ہوگا۔ انہوں نے صدر مملکت کو اس ہسپتال کے افتتاح کی دعوت بھی دی جو صدر مملکت نے ان کی دعوت قبول کرلی۔

متعلقہ عنوان :