ٹیکس بچانے اور دھوکہ دہی کے الزامات ثابت ،فٹبالر نیمار اور ان کے والد پر فرد جرم عائد

بدھ 3 فروری 2016 12:43

ٹیکس بچانے اور دھوکہ دہی کے الزامات ثابت ،فٹبالر نیمار اور ان کے والد ..

ریوڈی جنیرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 فروری۔2016ء)برازیل میں استغاثہ نے قومی فٹبال ٹیم کے رکن نیمار اور ان کے والد کے خلاف ٹیکس بچانے اور دھوکہ دہی کے معاملات میں فردِ جرم عائد کر دی ہے۔یہ فیصلہ ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا میں اپنی منتقلی کے حوالے سے نیمار کی فراڈ کے ہی الزامات کے تحت سپین کی ایک عدالت میں پیشی کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے۔

برازیلی حکام نے نیمار کے چار کروڑ 70 لاکھ ڈالر مالیت کے اثاثے بھی منجمد کر دیے ہیں تاہم نیمار اور ان کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ انھوں نے کوئی دھوکہ دہی نہیں کی۔برازیلی حکام نے نیمار پر یہ الزام لگایا ہے کہ انھوں نے ٹیکس بچانے کے لیے کئی فرضی کمپنیوں کا استعمال کیا۔حکام کے مطابق نیمار کے خلاف ٹیکس بچانے اور دھوکہ دہی کے الزامات 2006 سے 2013 کے درمیان کے ہیں اور یہ سپین میں ان کے خلاف جاری مقدمے سے مختلف ہیں۔

(جاری ہے)

سپین میں استغاثہ کا موقف ہے کہ نیمار، ان کے خاندان اور بارسلونا فٹبال کلب نے گذشتہ ستمبر میں برازیلی کلب سینٹوس سے ان کی ہسپانوی کلب کو منتقلی کے سلسلے میں دی جانے والی اصل رقم ظاہر نہیں کی۔بارسلونا کا کہنا ہے کہ اس نے سنہ 2013 میں نیمار کو پانچ کروڑ 71 لاکھ یورو ادا کیے تھے جس میں چار کروڑ یورو ان کے والدین جبکہ 71 لاکھ یورو برازیل کلب سینٹوس نے وصول کیے تھے۔

تاہم تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ بارسلونا نے نیمار کو پانچ کروڑ 71 لاکھ یورو نہیں بلکہ آٹھ کروڑ، 30 لاکھ یورو ادا کیے تھے اور بارسلونا کلب نے اس معاہدے کے کچھ حصے کو پوشیدہ رکھا تھا۔23 سالہ نیمار نے سنہ 2015 میں بارسلونا کو پانچ ٹرافیاں جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔نیمار منگل کو ہسپانوی عدالت میں جج کے سامنے ایک گھنٹہ اور 30 منٹ کے لیے پیش ہوئے۔نیمار کے ساتھ ان کے والد بھی تھے جو ان کے ایجنٹ کے طور پر منگل کو عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ڈی آئی ایس کے پاس برازیل کے کھلاڑیوں کی ٹرانسفر کے 40 فیصد حقوق ہیں اور اس کا کہنا ہے کہ اسے دھوکہ دہی سے لاکھوں یورو کا نقصان پہنچایا گیا۔

ٹیکس بچانے اور دھوکہ دہی کے الزامات ثابت ،فٹبالر نیمار اور ان کے والد ..