پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف احتجاج کرنے والے ملازمین پر لاٹھی اور گولی کے استعمال اور ہلاکتوں پرلاہور میں اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 3 فروری 2016 20:15

پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف احتجاج کرنے والے ملازمین پر لاٹھی اور گولی ..

لاہور(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03فروری۔2016ء) قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف احتجاج کرنے والے ملازمین پر لاٹھی اور گولی کے استعمال اور ہلاکتوں پر ملک کے دیگر حصوں کی طرح لاہور میں بھی شدید ردِعمل اور غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ مختلف تنظیموں نے ملازمین کی حمایت کا اعلان کیا اور فائرنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی ، تحریکِ انصاف ، پاکستان مسلم لیگ کے لیبر ونگ نے کراچی میں پی آئی اے کے ملازمین پر ریاستی بربریت کی مذمت کی ، پاکستان ورکرز پارٹی نے اس بہیمانہ ریاستی تشدد کیخلاف احتجاج کیا اور پی آئی اے میں لازمی سورسز ایکٹ کا نفاز فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ مزدوررہنماﺅں نے مطالبہ کیا ہڑتالی کارکنوں پر طاقت کا استعمال کرنیوالوں کیخلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائے جائے ۔

(جاری ہے)

عوامی ورکرز پارٹی کے کارکنوں اور رہنماﺅں نے پی آئی اے کے ہڑتالی ملازمین سے ان کے کیمپ میں جاکر ملازمین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ دریں اثناءپاکستان علماءکونسل کے قائدین مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج ، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ، مولانا ایوب صفدر ، مولانا عبد الکریم ندیم ، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا اسد زکریا ، مولانا اسد اللہ فاروق ، جمعیت علماءپاکستان کے مرکزی رہنما مولانا سردار محمد خان لغاری ، سنی اتحاد کونسل سواد اعظم کے مولانا پیر محفوظ مشہدی ، جمعیت علماءاہلحدیث کے مولانا غلام اللہ اور شیعہ رہنما حافظ کاظم رضا نے حکومت اور پی آئی اے کے احتجاج کرنے والے ملازمین سے اپیل میں کہا ہے کہ پی آئی اے کو خسارے سے نکالنے کیلئے مل بیٹھ کر لائحہ عمل بنائیں اور ملک کے اندر ایک اضطرابی اور غیر یقینی کیفیت پیدا کرنے سے گریز کریں۔