ہاکی کو ایک بار پھر عروج تک پہنچانے کیلئے حکومت پرعزم ہے‘رانا مشہود احمد خان

ہر ضلع میں اکیڈمیز بنا کر ٹیلنٹ سامنے لائیں گے،بیرون ملک کھلاڑیوں کو تربیت بھی دلائیں گے‘ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور ہاکی کے کھیل میں پاکستان سے مکمل تعاون کریں گے، ٹومس روسینڈر سفیر سویڈن کا پہلے فاطمہ جناح ہاکی ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب

بدھ 3 فروری 2016 21:12

ہاکی کو ایک بار پھر عروج تک پہنچانے کیلئے حکومت پرعزم ہے‘رانا مشہود ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 فروری۔2016ء ) صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ہاکی کو ایک بار پھر عروج تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں، مردوں کی طرح خواتین کی ہاکی کو بھی عروج پر پہنچائیں گے، اس سلسلہ میں اہم اقدامات کئے جارہے ہیں، خواتین کا ہاکی ٹیلنٹ سامنے لانے کے ساتھ ساتھ ان کی گرومنگ بھی کی جائیگی، ہاکی کے نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کیلئے اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جہاں سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا ،سویڈن کے سفیر نے ہاکی میں تعاون کا یقین دلایا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پہلے فاطمہ جناح وویمن ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سویڈن کے سفیر ٹومس روسینڈر،کمشنر لاہور عبداﷲ خان سنبل ، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری شہباز سینئر، خواجہ جنید بریگیڈیئر (ر)مسرت اﷲ، تنزیلہ عامر چیمہ، اعجاز بٹ اور دیگر بھی موجود تھے، ہاکی ٹورنامنٹ کے انعقاد میں سپورٹس بورڈ پنجاب نے تعاون کیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ فاطمہ جناح ہاکی ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد خواتین کے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے، ان ہی خواتین سے مستقبل کی قومی کھلاڑی بنیں گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن سے مل کر ہاکی کو فروغ دینے کیلئے کام کررہے ہیں جس کے نتائج بہت جلد سامنے آئیں گے۔پنجاب یوتھ فیسٹیول میں جو ٹیلنٹ سامنے آیا تھا اب انہیں اکیڈمیز میں تربیت دے کر آگے لایا جائے گا۔

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہاکی کے فروغ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے ایک اکیڈمی قائم کی ہے، اس طرح کی اکیڈمیز ہر ضلع میں بنا رہے ہیں تاکہ جہاں بھی ٹیلنٹ موجود ہے وہ سامنے آئے اور اس کو مزید تربیت دینے کیلئے ان کو بیرون ملک بھیجا جائے گا، انٹرنیشنل کوچز ہاکی کے کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم کررہی ہے جس سے کھلاڑی فکر معاش سے آزاد ہو کر کھیل پر پوری توجہ مرکوز کرسکیں گے،بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے کھلاڑیوں کو لاکھوں روپے کے سکالر شپ دیئے جائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سویڈن کے سفیر ٹومس روسینڈر نے کہا کہ بچیوں کو کھیلتا دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ پاکستان کی یوتھ میں بہت ٹیلنٹ ہے، سویڈن ہاکی کے کھیل میں پاکستان سے تعاون کرے گا۔سویڈیش سفیر ٹومس روسینڈرسے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا،تقریب کے اختتام پر ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کھلاڑیوں میں انعامات اور کپ تقسیم کئے۔