احتجاج جمہوری روایت کا حصہ ہے ،پی آئی اے کے پرامن ملازمین کی نجکاری کے خلاف احتجاجی ریلی پر واٹر کینن ،لاٹھی چارج کا استعمال قابل مذمت ہے

سی ڈی اے مزدور یونین کی پی آئی اے ملازمین سے اظہار یکجہتی

بدھ 3 فروری 2016 21:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 فروری۔2016ء) سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) چوہدری محمد یسیٰن گروپ کے مرکزی عہدیداران میں شامل جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسیٰن ،صدر اورنگزیب خان ،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی ،سپریم ہیڈ صوفی محمود علی و دیگر نے پی آئی اے ملازمین کی جانب سے کراچی میں نکالی جانے والی پر امن احتجاجی ریلی میں ملازمین کے جاں بحق ہونے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج جمہوری روایت کا حصہ ہے جبکہ پی آئی اے کے پرامن ملازمین کی نجکاری کے خلاف احتجاجی ریلی پر واٹر کینن ،لاٹھی چارج کا استعمال ، فائرنگ کا واقعہ اورتشدد کا رحجان قابل مذمت ہے ،اس واقعے میں جہاں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا وہاں حکومت کی نیک نامی بھی سوالیہ نشان بن گئی ،ہمارے ملک کا آئین اور پارلیمنٹ ہر محنت کش تنظیم کو اپنے حقوق کی خاطر احتجاج کا حق دیتا ہے اور حکومت پاکستان نے آئی ایل او کنونشن کے تحت اس حق کو تسلیم کیا ہے ،پی آئی اے ملازمین کے مسلسل احتجاج سے جہاں ادارے اور قومی خزانے کو نقصان ہو رہا ہے وہاں ملازمین پر تشدد نے حکومت کے خلاف نفرت کی فضا کو ابھارا ہے ،ہم وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے ادارے میں موجود ملازمین کے منتخب نمائندوں اور ایکشن کمیٹی کے اراکین سے بات چیت و مذاکرات کے ذریعے مسائل کا بہتر حل نکالتے ہوئے محنت کشوں کے تحفظات کو دور کرے ،سی ڈی اے مزدور یونین پی آئی اے ،واپڈا ،اوجی ڈی سی سمیت تمام قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف ہے اور ہمارامطالبہ ہے کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور قومی اداروں کی نجکاری کی بجائے وہاں موجودہ انتظامی خرابیوں کو دور کر کے اداروں کی حالت کو بہتر بنایا جائے ،سی ڈی اے مزدور یونین اس واقعے کی شدید مذمت کرتی ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں پی آئی اے ملازمین کے ساتھ مکمل طور پر اظہار یکجہتی کرتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :