گلوکارہ ملکہ پکھراج کومداحوں سے بچھڑے 12 سال بیت گئے

جمعرات 4 فروری 2016 11:46

گلوکارہ ملکہ پکھراج کومداحوں سے بچھڑے 12 سال بیت گئے

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 فروری۔2016ء)ماضی کی معروف گلوکارہ ملکہ پکھراج کو مداحوں سے بچھڑے 12 سال بیت گئے لیکن ان کے سدا بہار گیتوں کی چاشنی آج بھی برقرار ہے۔معروف گلوکارہ ملکہ پکھراج جموں کے گاؤں ہمیر پور میں پیدا ہوئیں، ان کا نام حمید ہ تھا۔صرف تین سال کی عمر میں استاد اللہ بخش کی شاگرد بن گئیں اور فن گائیکی کے رموز سیکھے۔

(جاری ہے)

ملکہ پکھراج پانچ سال کی تھیں، جب وہ دہلی چلی گئیں، اور استاد مومن خان، استاد مولا بخش تلونڈی اور استاد عاشق علی جیسے نامور موسیقاروں سے موسیقی اور ڈانس کی تربیت پائی ۔ٹھمری، غزل، بھجن اور راگ پہاڑی گانے میں ملکہ پکھراج کو پورا ملکہ حاصل تھا۔ ملکہ پکھراج کا شمار پاکستان کی اْن معروف ترین گلوکاراؤں میں ہوتا ہے جن کے گلے سے سْر کی کرنیں پھوٹتی تھیں ، انکے گیت برصغیرپاک و ہند میں یکساں پسند کیے گئے۔ملکہ پکھراج نے بہت کم گایا، لیکن جو بھی گایا ، اسے امر کردیا ۔ ان کی بیٹی طاہرہ سید نے بھی گائیکی میں بہت نام کمایا۔