سی ڈی اے کا پرائیویٹ سکولوں کو 15 دنوں میں رہائشی علاقوں سے نکل جانے کی ڈیڈ لائن،وزیر داخلہ چوہدری نثار نے نوٹس لے لیا

جمعرات 4 فروری 2016 12:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 فروری۔2016ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وفاقی ترقیاتی ادارے کی جانب سے پرائیویٹ سکولوں کو 15 دنوں میں رہائشی علاقوں سے نکل جانے کی ڈیڈ لائن کا نوٹس لے لیا۔نجی ٹی وی کے مطابق مطابق وزیر داخلہ نے سی ڈی اے کی طرف سے پرائیویٹ سکولز کو 15دنوں میں رہائشی علاقوں سے نکل جانے کی ڈیڈ لائن کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر کوئی متبادل پلان دیئے 15 دنوں میں 352 سکولوں کو نئی جگہ پر منتقل کرنا کیسے ممکن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے بلاوجہ ہزاروں کی تعداد میں بچوں اور انکے والدین کو ذہنی پریشانی سے دوچار نہ کرے۔ وزیر داخلہ نے سیکرٹری داخلہ کو چیئرمین سی ڈی اے سے بات کرکے مناسب حل تلاش کرنے کی ہدایت دی جبکہ ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ اسلام آباد میں سی ڈی اے کے کن افسران نے رہائشی علاقوں میں 352 سکولوں کو قائم کرنے کی اجازت دی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر سکولوں کے قیام کا عمل غیر قانونی ہے تو اس امر کی بھی تحقیق کی جائے کہ سی ڈی اے اہلکاروں نے یہ اجازت کیوں کیسے اور کب دی۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ انکوائری رپورٹ ایک ہفتے میں مکمل کر کے وزارت داخلہ میں پیش کی جائے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف باقاعدہ کاروائی کا آغاز کیا جائے