آئندہ پولیس ناکوں پر موٹر سائیکل تھانوں میں بند نہیں کی جائیگی ،پولیس کے دوہسپتال بنار ہے ہیں ‘ ڈی آئی جی آپریشنز

جمعرات 4 فروری 2016 14:35

آئندہ پولیس ناکوں پر موٹر سائیکل تھانوں میں بند نہیں کی جائیگی ،پولیس ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 فروری۔2016ء ) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ آئندہ پولیس ناکوں پر موٹر سائیکل تھانوں میں بند نہیں کی جائے گی ،پولیس کے دوہسپتال بنار ہے ہیں ،ایک پولیس لائن اور دوسرے کے لئے موزوں جگہ کی تلاش جاری ہے ، پولیس اورعوام کے درمیان دوریاں ختم کرنے کیلئے تھانوں میں تعینات محرر کے اختیارات کم کر کے ایڈمن آفیسر کو منتقل کردیے گئے ہیں ۔

ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف نے ایک خصوصی انٹر ویو کے دوران کہا کہ لاہو رپولیس کو ہدایت نامہ جاری کردیاگیا ہے کہ آئندہ سے کسی ناکے پرکوئی موٹر سائیکل تھانے میں بند نہ کی جائے ،خلاف ورزی کے مرتکب اہلکاروں سمیت ایس ایچ او کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ مجھے بخوبی احساس ہے کہ بعض ایمرجنسی یا کسی اور وجہ سے موٹر سائیکل کے کاغذات گھر بھول آتے ہیں ایسے لوگوں سے شناختی کارڈ اور دیگر تفصیل حاصل کرنے کے بعد موٹرسائیکل بند نہ کی جائے اگرکسی ناکے پر پولیس کے خلاف رشوت کی شکایت ملی تو متعلقہ اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ا نہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے پولیس افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مال روڈ پریادگار شہداء بنائی جائے گی جس پرشہید ہونے والے پولیس آفسروں اور اہلکاروں کے نام بھی کنندہ ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان کے بعد پولیس کی ذمے داریوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ محکمے میں فرض شناس اور ایماندار پولیس کے جوان ہمارے سر کا تاج ہیں ۔

ڈاکٹر حیدرا شرف نے مزید کہا کہ کاہل اور سست پولیس اہلکاروں کے لئے محکمے میں کوئی جگہ نہیں ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہریوں کو بھی اپنا فرض اداکرتے ہوئے ہمارا ساتھ دینا چاہیے اگر کوئی شخص مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہو یا کوئی لاوارث سامان نظرا ٓئے تو عوام کو چاہیے کہ اپنے متعلقہ تھانے میں اطلاع کریں یا پھر ایمر جنسی 15پرکال کریں ۔

انہوں نے کہاکہ عوام اور تھانوں کے درمیان دوریاں ختم کرنے کے لئے ایڈمین افسران کو تھانوں میں تعینات کیا گیا ہے کتاکہ تاکہ عوام کے جائز مسائل فوری حل ہوسکے ۔ ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ کرائے داری قانوں کے تحت 50فیصد سے زیادہ کرائے داروں کو تھانوں میں رجسٹرڈ کیاجاچکا ہے اورباقی کرائے داروں کے کوائف بھی اکٹھے کیے جارہے ہیں تاکہ مشکو ک اور جرائم پیشہ افراد پرنظر رکھی جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف مہم تیز کردی گئی ہے اور کسی کو بھی اپنی گاڑی پرکالے شیشے لگوانے کی اجازت نہیں ہے اس حوالے سے ٹریفک پولیس کو بھی سختی سے ہدایات جاری کرد ی گئی ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او تھانہ شاد باغ تجمل بٹ قتل کیس کیلئے تین تفتیشی ٹیمیں کام کررہی ہیں یہ کہنا قبل ازوقت ہے کہ تجمل بٹ کا قتل ڈکیتی کی واردات یا درینہ دشمنی کا واقعہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :