سنگین غداری کیس ،سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کا بیان ریکارڈ کرنے کے لئے ایف آئی اے کا سوالنامہ تیار

جمعرات 4 فروری 2016 16:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 فروری۔2016ء) سنگین غداری کیس میں سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کا بیان ریکارڈ کرنے کے لئے ایف آئی اے نے سوالنامہ تیار کر لیا، ایف آئی اے کی دو رکنی ٹیم 6فروری کومتحدہ عرب امارات جائے گی ،شوکت عزیز نے ایف آئی اے کو 7 فروری کو دوبئی میں اپنا بیان ریکارڈ کرانے کا وقت دے رکھا ہے، جمعرات کو ایف آئی اے ذرائع کے مطابق سنگین غداری کیس میں سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کا بیان7 فروری کو دوبئی میں ریکارڈ کیا جائے گا اور اس کے لئے ایف آئی اے کی دو رکنی ٹیم کل(ہفتہ کو) دوبئی جائے گی، ایف آئی اے ٹیم میں غدار ی کیس کی انکوائری کمیٹی کے سربراہ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل واجد ضیاء اور ڈائریکٹر مقصود الحسن شامل ہیں جوشوکت عزیزکا بیان ریکارڈ کرینگے، ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم سے تفتیش کے لئے سوالنامہ تیار کر لیا گیا ہے اور یہ سوالنامہ سابق صدر پرویز مشرف سے لئے کئے گئے بیان کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے،واضح رہے کہ سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف اور سابق وزیر قانون زاہد حامد بیانات ریکارڈ کرا چکے ہیں جبکہ سابق چیف جسٹس عبد الحمید ڈوگر نے بیان ریکارڈ کرانے سے انکار کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے ، خصوصی عدالت نے کیس کی سماعت 18 فروری تک ملتوی کر رکھی ہے۔

متعلقہ عنوان :