کشمیریوں کے حق خودارادیت کا بنیادی حق اقوام متحدہ کے چارٹر میں موجود ہے ،کسی طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا، آصف علی زرداری

پیپلزپارٹی جموں و کشمیر کے پرامن ،باوقار حل پر یقین رکھتی ہے ،مسئلہ صرف مذاکرات ہی سے حل کیا جا سکتا ہے جس میں کشمیری عوام کی امنگیں اور خواہشات ہر صورت میں شامل ہونی چاہئیں، سابق صدر کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام

جمعرات 4 فروری 2016 18:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین 04 فروری۔2015ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہر سال 5فروری کو یہ دن کشمیری عوام کی عظیم جدوجہد کے لئے کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منایا جاتا ہے اور اس روز ہم ان کی جائز جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔

آج کا روز کئی دہائیوں سے بین الاقوامی برادری کے کئے گئے وعدے کی یاددہانی ہے جو اس نے کشمیری عوام سے کی تھی اور آج کے روز ہم یہ واضح کرتے ہیں کہ حق خودارادیت کا بنیادی حق اقوام متحدہ کے چارٹر میں موجود ہے اور اس حق کو کسی بھی طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا۔ پاکستان پیپلزپارٹی جموں و کشمیر کے پرامن اور باوقار حل پر یقین رکھتی ہے اور یہ صرف مذاکرات ہی سے کیا جا سکتا ہے اور اس حل میں کشمیری عوام کی امنگیں اور خواہشات ہر صورت میں شامل ہونی چاہئیں۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے اعتماد سازی کے اقدامات، تجارت کے فروغ اور عوام سے عوام کے رابطے پر یقین رکھتی ہے تاکہ ایک ایسا ماحول پیدا کیا جا سکے جس سے پائیدار اور مسلسل مذاکرات کئے جا سکیں۔ یہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی کا وژن ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد میں ہم ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں تاکہ امن و خوشحالی جنوبی ایشیا کے ایک ارب عوام کا مقدر بن سکے اور یہی وہ وژن ہے جس کے لئے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ساؤتھ ایشین پریفرنشل ٹیرف ایگریمنٹ متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ سارک ممالک کے درمیان پارلیمنٹیرینز اور ججوں کے لئے ویزا کے بغیر سفری سہولیات کا نظریہ پیش کیا۔

یہ وہ وژن ہے جو انہوں نے سارک ممالک کی سرحدوں کے درمیان سفری سہولتیں مہیا کرنے کے لئے انہوں نے دیا اور ہم اس وژن کو پورا کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی مدد چاہتے ہیں کہ وہ 1947ء سے اپنے ایجنڈے پر موجود یہ مسئلہ حل کروائے۔ اس موقع پر جبکہ ہم جموں و کشمیر کے بہادر عوام کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی انہیں یہ یقین دلاتی ہے کہ ان کی جائز جدوجہد میں پارٹی ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔