کشمیر محض ایک علاقائی تنازعہ نہیں ہے بلکہ لاکھوں کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے جو 1947سے اب تک مسلسل اپنے بنیادی حق کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ جب تک بھارت کشمیری عوام کو حق خود ارادیت سے محروم رکھتے ہوئے ان پر مشق ستم جاری رکھے گا تب تک جنوبی ایشیاءمیں امن کا حصول ممکن نہیں ہو سکتا:سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا یوم یکجہتی کشمیرپر پغام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 4 فروری 2016 20:20

کشمیر محض ایک علاقائی تنازعہ نہیں ہے بلکہ لاکھوں کشمیری عوام کے حق ..

اسلام آباد(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04فروری۔2016ء) سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کشمیر محض ایک علاقائی تنازعہ نہیں ہے بلکہ لاکھوں کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے جو 1947سے اب تک مسلسل اپنے بنیادی حق کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک بھارت کشمیری عوام کو حق خود ارادیت سے محروم رکھتے ہوئے ان پر مشق ستم جاری رکھے گا تب تک جنوبی ایشیاءمیں امن کا حصول ممکن نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا جو ہر سال 5فروری کو پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے منایا جاتا ہے۔مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک انسانی المیہ ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر گزشتہ کئی دہائیوں سے التوا ءکا شکار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کی بدولت مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ترجیحی تصفیہ طلب مسائل میں شامل ہے۔انہوں نے پاکستان کے مسئلہ کشمیر پر اصولی موقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ انہوں نے گزشتہ سال 61ویںدولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کی میزبانی سے معذرت محض اس بنیاد پر کی کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی ریاستی اسمبلی کو دعوت نامہ بھجوانے کامطالبہ کیا تھا جوکشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کے منافی تھا۔

سپیکرقومی اسمبلی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی حالت زار پر توجہ دے اور کشمیر جیسے سلگتے ہوئے مسئلے کے حل کے لئے کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ جدید ریاستی اقدار اور عوام کے حق خود ارادیت کے منافی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اپنی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے فوری حل کو یقینی بنانے کے لئے کردار ادا کرے۔

ڈپٹی سپیکر قومی سمبلی نے بھی اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پر امن حل کا خواہاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیرپر کشمیری عوام کی رضا مندی کے خلاف حل کوکسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی فورمز پر کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔