بھٹہ خشت مالکان، وزیر قانون کے درمیان مذاکرات کامیاب،مذاکرات کے نتیجہ میں بھٹہ خشت ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی

جمعرات 4 فروری 2016 23:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 4فروری۔2016ء) آل پاکستان بھٹہ خشت مالکان ایسوسی ایشن پنجاب کے 25رکنی وفد نے صدر ایسوسی ایشن شعیب خان نیازی کی قیادت میں صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں سے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی-ملاقات کے دوران بھٹہ خشت مالکان کے ساتھ چائلڈ لیبر ایشو پر مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے نتیجہ میں ایسوسی ایشن نے کل ہونے والی ہڑتال کی کال واپس لے لی-اس موقع پر سیکرٹری لیبر علی سرفراز، صدر بھٹہ خشت ایسوسی ایشن شعیب خان نیازی، جنرل سیکرٹری مہر عبدالحق ،ضلعی صدر سبحان علی و دیگر، ایڈیشنل سیکرٹری لیبر ا ور ڈسٹرکٹ آفیسرلیبر بھی موجودتھے- رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ حکومت نے صوبہ سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کا تہیہ کررکھا ہے-انہوں نے کہا کہ بھٹے چائلڈ لیبر کی آسان آماجگاہ ہیں- انہوں نے کہا کہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا حکومت اور والدین کا فرض ہے - انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب بھٹہ خشتپر بچوں کی مشقت کے خاتمے کے لئے ہرعزم ہے- انہوں نے کہا کہ بھٹہ پر چائلڈ لیبر ثابت ہونے کی صورت میں بھٹہ کے مالک کو 5لاکھ روپے جرمانہ اور 6ماہ قید کی سزا ہوسکتی ہے- انہوں نے کہا کہ صوبے سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے حکومت بچوں کے والدین کو بچوں کو سکول داخل کروانے پر 1000روپے ماہانہ وظیفہ ، مفت کتابیں ، سٹیشنری ، یونیفارم ، خاندان کو داخلہ پر 2000روپے اور سالانہ حاضریقینی بنانے پر مزید2000روپے ادا کرے گی-وزیرقانون اور بھٹہ خشت ایسوسی ایشن کے مابین مذاکرات میں جن امور پر بحث کی گئی ان میں درج ذیل امور شامل ہیں- بھٹہ میں بچے کی موجودگی کے بجائے اگر بچے کو مشقت کرتا ہوا پایا گیا تو اسے چائلڈ لیبر تصور کیا جائے گا کیونکہ اکثر بھٹوں پر محنت کشوں کے بیوی بچے مزدوری کی غرض سے وہاں رہائش پذیر ہوتے ہیں-بھٹوں پر چھاپہ مقامی ڈی سی او ، ڈی پی او یا اے سی کی سربراہی میں مارا جائے گا- لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ہر افسر کو چھاپہ مارنے کا اختیار نہ ہوگا- اس چھاپہ مار ٹیم میں بھٹہ خشت ایسوسی ایشن کا مقامی نمائندہ بھی شامل ہوگا-بھٹوں پر چھاپہ چائلڈ لیبر کی شکایت پر مبنی ہوگا-چھاپہ مارنے سے قبل ایسوسی ایشن کے نمائندہ کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا تاہم اسے چھاپہ مارنے کے مقام سے آگاہ نہیں کیا جائے گا-ایسوسی ایشن ہر تحصیل کی سطح پر اپنا ایک فوکل پرسن نامزد کرے گی جسے مقامی سطح پر چھاپہ مارنے کے دوران ساتھ رکھا جائے گا-اس موقع پر بھٹہ خشت مالکان نے وزیرقانون کو بتایا کہ بھٹہ مزدور یونٹ ریٹ اور کنٹریکٹ پر کام کرتے ہیں جن میں سے بعض مزدور اپنے بچوں سے بھٹہ مالکان کو رضا مندی کے بغیر ہی اپنی آمدن میں اضافے کے لئے بچوں سے کام میں مدد لیتے ہیں-چائلڈ لیبر آرڈیننس 2016کے تحت ایسے والدین کو بھی چائلڈ لیبر کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے- وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ اگر کوئی سرکاری افسر چھاپہ کے دوران یا اس سے ہٹ کر ناجائز تنگ کرنے کی کوشش کرے تو اس کی اطلاع اور شکایت بھی بھٹہ خشت مالکان اعلی حکومتی حکام کو دے سکتے ہیں- مذاکرات کے دوران زیر بحث آنے والی تجاویز کو ممکنہ عملی شکل دینے کے لئے وزیر قانون نے ایڈیشنل سیکرٹری لیبر، ڈائریکٹر جنرل لیبر ، صدر و جنرل سیکرٹری کی سربراہی میں 4رکنی کمیٹی تشکیل دی - انہوں نے کمیٹی کو قابل عمل تجاویز کے ساتھ ایک ہفتہ میں کمیٹی کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی-

متعلقہ عنوان :