بھارتی کرکٹر سرئش رائنا سمیت 100سے زائد بھارتی اعزاز حاصل کرنیوالی شخصیات نے پینشن کیلئے درخواستیں دیدیں

جمعہ 5 فروری 2016 13:03

بھارتی کرکٹر سرئش رائنا سمیت 100سے زائد بھارتی اعزاز حاصل کرنیوالی شخصیات ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 فروری۔2016ء) کرکٹ کے ذریعے لاکھوں روپے کمانے والے بھارتی ٹیم کے آل راوٴنڈر کھلاڑی سریش رائنا ‘ فلمی اداکار اور رکن پارلیمان راج ببّر سمیت 100 سے زیادہ یش بھارتی اعزازحاصل کرنے والی معروف شخصیات نے 50 ہزار روپے ماہانہ پنشن کیلئے درخواستیں دی ہیں۔ریاست اتر پردیش کی حکومت نے یہ پنشن سکیم ان شخصیات کیلئے شروع کی تھی جنہیں ریاستی اعزاز یش بھارتی یا پھر قومی اعزاز ’پدم‘ سے نوازا گیا ہو ‘یہ سکیم صرف ان افراد کے لیے مخصوص ہے جن کی جائے پیدائش یا کام کرنے کی جگہ ریاست اترپردیش میں ہو۔

یش بھارتی سے نوازے گئے ایسے ہی 141 لوگوں کو ریاستی حکومت کے محکمہ ثقافت کی جانب سے پنشن کیلئے درخواست کا فارم بھیجا گیا تھا کہ جنھیں اس کی ضرورت ہو وہ اسے حاصل کر سکتے ہیں ‘درخواست کی آخری تاریخ 31 جنوری تھی۔

(جاری ہے)

ان میں سے 108 لوگوں نے پنشن کے لیے درخواست دی ہے۔اداکار امیتابھ بچن، جیا بچن اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچّن بھی یش بھارتی اعزاز حاصل کرنے والوں میں سے ہیں تاہم وہ اس پنشن کو لینے سے انکار کر چکے ہیں۔

پنشن طلب کرنے والے دیگر لوگوں میں اداکار راج ببّر کی اہلیہ نادرا ببّر ‘ اداکار جمی شیر گل ‘نوازالدین صدیقی ‘کلاسیکل گلوکارہ گرجا دیوی گلوکارہ مالنی اوستھی، سابق کرکٹر محمد کیف وغیرہ شامل ہیں۔محکمہ ثقافت میں سینئر سیکرٹری انیتا مشرام نے کہا کہ ابھی انہوں نے موصول ہونے والی درخواستیں نہیں دیکھیں اس لیے پنشن کیلئے کن کن افراد نے فارم بھرا ہے یہ بتانا ان کے لیے ابھی ممکن نہیں ہے تاہم اسی محکمہ کی ایک دوسری افسر انورادھا گوئل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کرکٹر سریش رائنا سمیت 108 لوگوں نے ’یش بھارتی پنشن‘ کے لیے درخواست بھیجی ہے لیکن انھوں نے درخواست دہندگان کے فارم دکھانے سے انکار کر دیا انورادھا گوئل نے بتایا کہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ لوگ امیر ہیں، ان لوگوں کو پنشن کی کیا ضرورت ہے؟ لیکن اس پنشن کے لیے معاشی حالت کو بنیاد نہیں بنایا گیا ‘ اسے حاصل کرنے کے لیے اس شخص کا غریب ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :