پی سی بی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ ٹی ٹونٹی کیلئے بغیر اجلاس کے ممکنہ 18کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرلی

جمعہ 5 فروری 2016 17:21

پی سی بی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ ٹی ٹونٹی کیلئے بغیر اجلاس کے ممکنہ 18کھلاڑیوں ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 فروری۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے بغیر کسی اجلاس کے میگا ایونٹ کیلئے ممکنہ اٹھارہ کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرلی، حتمی 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کانفرنس کال کے بعد اتوار کو کیا جائے گا، پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ کے گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے آل راؤنڈر محمد نواز کو شاندار کارکردگی کا صلہ مل گیا،ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ابتدائی فہرست میں احمد نواز کو شامل کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے ابتدائی کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرلی ہے، ابتدائی فہرست میں اٹھارہ کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے،آل راؤنڈر محمد نواز، فخر زمان اور خرم منظور کو بھی ممکنہ کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کو مسلسل ناکامیوں کے باعث ان کی جگہ وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے،ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حتمی 15رکنی اسکواڈ کا اعلان 7فروری کو کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیسے بڑے میگا ایونٹ کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ایک بھی اجلاس نہیں بلایا، کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست کا فیصلہ فون کالز پر مشاورت کے بعد کیا گیا جبکہ حتمی پندرہ رکنی سکواڈ کا اعلان کانفرنس کال کے ذریعے کیا جائے گا۔