پاکستان اور افغانستان میں2016 کے پہلے پولیو کیسز سامنے آگئے

گڈاپ ٹاوٴن کے رہائشی خاندان کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی

ہفتہ 6 فروری 2016 11:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 فروری۔2016ء ) پاکستان اور افغانستان میں رواں سال کے پہلے پولیو کیسز سامنے آگئے۔ پاکستان میں نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ کی پولیو وائرولوجی لیبارٹری نے پولیو کے پہلے کیس کی تصدیق کردی۔ وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ کراچی کے علاقے گڈاپ ٹاوٴن کے رہائشی ایک خاندان کے 34 ماہ کے بچے اعجاز خان کے جنوری میں حاصل کیے جانے والے نمونے سے، اس میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

بچے کے خاندان کا تعلق مہمند ایجنسی سے ہے۔ متاثرہ بچے کی معمول کے مطابق دو بار ویکسینیشن بھی کرائی جاچکی ہے، اس کے علاوہ مختلف پولیو مہم کے دوران بھی وہ سات بار پولیو ویکسین کے قطرے پی چکا ہے۔ وزارت صحت کے عہدیدار نے کہا کہ غذائی قلت اعجاز خان میں اس بیماری کی بڑی وجہ بنی کیونکہ بچے کی قوت مدافعت بہت کم ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال ملک میں پولیو کے 54 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، تاہم ہم پرامید ہیں کہ رواں سال ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا ۔

انھوں نے کہا کہ ہم اپنی پولیو مہم کو مزید مربوط بنائیں گے تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ افغانستان میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیس کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پولیو وائرس کے شکار بچے کی عمر پانچ سال ہے اور اس کی صرف 2 بار پولیو ویکسینیشن کرائی گئی۔ پریشان کن بات یہ ہے کہ افغانستان میں پولیو وائرس سے متاثرہ بچے کا تعلق قندھار سے ہے جو بلوچستان کے قریب واقع ہے علاوہ ازیں رپورٹس کے مطابق افغانستان میں گزشتہ چند پولیو مہمات کے دوران 80 ہزار سے زائد بچے پولیو ویکسین سے محروم رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :