موجودہ حکومت نے ملک کی اقتصادی سمت درست کر دی ہے ،صدر سمال ٹریڈرز

ہفتہ 6 فروری 2016 11:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 فروری۔2016ء) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست اور گھانا کے اعزازی قونصل جنرل شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک کی اقتصادی سمت درست کر دی ہے جس سے تعمیر اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے جبکہ امن و امان کی بہتر صورتحال سے ملکی امیج اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔

ملک بھر کی کاروباری برادری حکومت کی معاشی پالیسیوں کی حمایت کرتی ہے جس میں پی آئی اے ، سٹیل ملز اور پاور ڈسٹریبیوشن کمپنیوں کی نجکاری شامل ہے۔ شاہد رشید بٹ نے یہ بات ایک تقریب کے دوران غیر ملکی سفیروں اور دیگر افرادسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ پی آئی اے اور پاکستان سٹیل ملزمعیشت کیلئے گردشی قرضے سے بڑا خطرہ بن چکی ہیں جن سے جان چھڑائے بغیر ملکی معیشت مستحکم نہیں ہو سکتی مگر اپوزیشن پارٹیاں اس معاملہ کو سیاسی معاملہ بنا کرسستی شہرت حاصل کرنے کیلئے استعمال کر رہی ہیں جو افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

پی آئی اے میں دس افراد مل کر وہ کام کرتے ہیں جو دیگر ممالک کی ائیر لائنز میں ایک شخص کرتا ہے جبکہ اسکی قیمت قوم ادا کرتی ہے جو ناقابل برداشت ہے۔سیاسی بھرتیوں کا مرکز بننے والے اس ادارے کا سٹاف جتنی جدوجہد 300 ارب کا نقصان کرنے والے اس ادارے کے آپریشنز تہ وبالا کرنے کیلئے کر رہا ہے اس سے کہیں کم میں اسے اپنے پیروں پر کھڑا کیا جا سکتا تھا جسکے لئے کبھی کوشش نہیں کی گئی۔

شاہد رشید بٹ نے کہا کہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو زرمبادلہ کے ذخائر چھ ارب ڈالر تھے اور ادائیگیوں کا توازن ملک کو دیوالیہ کر رہا تھا جبکہ اب زرمبادلہ کے ذخائر بیس ارب ڈالر ہیں۔اس وقت افراط زر 8.3 فیصد تھا جو اب 3.3 فیصد ہے اور اگر تیل کی قیمتیں کم کی گئیں تو مزید کم ہو جائے گا۔ٹیکس کی صورتحال پہلے سے بہتر ہو گئی ہے جبکہ ٹیکس گزاروں کی تعداد میں تقریباً تین لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے۔

اسکے علاوہ شرح نمو بہتر ہو رہی ہے، لارج سکیل مینوفیکچرنگ کا شعبہ بھی بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے جبکہ نجی شعبہ پہلے سے زیادہ قرضہ لے رہا ہے جو امید افزاء ہے۔انھوں نے کہا کہ اپوزیشن پی آئی اے کی نجکاری کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کر کے اصلاحات کے عمل کو نقصان پہنچا رہی ہے جو ملکی مفادات کے خلاف ہے۔

متعلقہ عنوان :