پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال ‘ پائلٹس کا احتجاج سے الگ ہونے کااعلان

ہفتہ 6 فروری 2016 13:34

پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال ‘ پائلٹس کا احتجاج سے الگ ہونے کااعلان

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 فروری۔2016ء) پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کے ملازمین کی ہڑتال کے پانچویں روز پائلٹس نے احتجاج سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا۔پی آئی اے پائلٹس ایسوسی ایشن کے صدر عامر ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پائلٹس اپنا کام کرنے کیلئے تیار ہیں تاہم ہوا بازوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ یہ تاثر غلط ہے کہ پائلٹس کسی فیصلے میں تقسیم ہیں۔عامر ہاشمی نے بتایا کہ 430 پائلٹس میں 410 پائلٹ جہاز اڑانے کے لیے تیار ہیں، پالپا کا کیسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں یہ خالصتاََ پروفیشنل باڈی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پالپا کے ارکان سے مشاورت کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ‘آپریشن معطل ہونے سے مسافروں کومشکلات ہیں ‘ڈائریکٹر فلائٹس آپریشن کو خط ارسال کر دیا ہے ‘سیکیورٹی کی فراہمی پر پائلٹس اپنی خدمات انجام دینے کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

پالپا کے صدر نے الزام عائد کیا کہ ہڑتال ختم کرنے پر احتجاج کرنے والے افراد کی جانب سے قتل سمیت دیگر دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں جس کے ویڈیو ثبوت موجود ہیں۔پائلٹس ایسوسی ایشن کے صدر نے نجکاری کی بھی شدید مخالفت کی اور حکومت پر انتظامیہ میں پروفیشنل افراد کی تعیناتی پر زور دیا انہوں نے کہاکہ پالپا نے جب کبھی بھی ہڑتال کی تو قوائد و ضوابط کو مد نظر رکھا جس روز پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بند ہوا اس روز بھی دوپہر 2 بجے تک تمام فلائٹس معمول کے مطابق اڑائی گئیں۔

عامر ہاشمی کے مطابق فلائٹ آپریشن بند کرنے کے نہ پہلے حق میں تھے اور نہ اب ہیں، ہمیں ہڑتال پر جانے کے لئے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں اور کہا گیا کہ اگر پالپا نے ہڑتال نہ کی تو پائلٹس کے ٹکڑے کر دیں گے۔دھمکی دینے والے لوگوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر عامر ہاشمی کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ہڑتال کیلئے مجبور کیا انھی لوگوں نے دھمکیاں بھی دیں، میرے پاس تمام دھمکیاں ریکارڈ کی صورت میں موجود ہیں، اس حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھ چکا ہوں ‘ تمام ثبوتوں کے ساتھ جلد مقدمہ بھی درج کراوٴں گا۔

متعلقہ عنوان :