پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، حکومت نے پی آئی اے کو منافع بخش بنانے کیلئے پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کیا، لازمی خدمات اور سہولتوں کی بہتری حکومت کی ذمہ داری ہے،سٹیل ملز اور پی آئی اے بری حالت میں حکومت کو ورثے میں ملے،خیبرپختونخوا میں سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری پر ڈاکٹر احتجاج کر رہے ہیں،ہم نے کوئی دخل نہیں دیا، پاکستانی صحافت کی جدوجہد بڑی طویل ہے

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کی بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 6 فروری 2016 19:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 فروری۔2016ء) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے،ہم نے پی آئی اے کو منافع بخش بنانے کیلئے پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کیا، لازمی خدمات اور سہولتوں کی بہتری حکومت کی ذمہ داری ہے،سٹیل ملز اور پی آئی اے بری حالت میں حکومت کو ورثے میں ملے،خیبرپختونخوا میں سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری پر ڈاکٹر احتجاج کر رہے ہیں،ہم نے کوئی دخل نہیں دیا، پاکستانی صحافت کی جدوجہد بڑی طویل ہے۔

وہ ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ پاکستانی صحافت کی جدوجہد بڑی طویل ہے، پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے،بدقسمتی سے قومی ایئر لائن لوگوں کو اچھی سفری سہولتیں فراہم نہیں کر سکی،لازمی خدمات اور سہولتوں کی بہتری حکومت کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ایک جہاز کیلئے 700آدمی اوسطاً رکھے گئے جو بہت زیادہ ہیں، حکومتی اقدامات سے جہازوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، پی آئی اے کے جہازوں کی تعداد 18سے بڑھا کر 40کی ہے۔ پرویزرشید نے کہا کہ ہر سال خسارے میں جانے والے اداروں کو 600 ارب روپے دیئے ہیں، سٹیل ملز اور پی آئی اے بری حالت میں حکومت کو ورثے میں ملے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں خسارے میں جانے والے اداروں کیلئے کچھ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی سرمایہ کار سرکاری کنٹرول کے اداروں پر سرمایہ کاری کیلئے تیار نہیں ہے، ہم نے پی آئی اے کو منافع بخش بنانے کیلئے پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کیا، اس کی کارکردگی بڑھانا چاہتے ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری پر بھی ڈاکٹرز احتجاج کر رہے ہیں، مگر ہم نے اس میں کوئی دخل نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں کے پی کے کے عوام غلط فیصلوں پر سوال پی ٹی آئی سے پوچھیں گے، وزیراعظم نے ملازمین کو ہر طرح کی ضمانت دی ہے۔