پی ایس ایل، کراچی کنگز کو 8وکٹوں سے شکست ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے مسلسل دوسری کامیابی اپنے نام کرلی

گلیڈی ایٹرزنے 148رنزکا ہدف 18ویں اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا کوئٹہ کی جانب سے انور علی اور محمد نبی نے دو ٗدو وکٹیں حاصل کر کے مخالف ٹیم کو بڑے مجموعے تک نہ پہنچنے دیا احمد شہزاد کو 71رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیاگیا

ہفتہ 6 فروری 2016 20:47

پی ایس ایل، کراچی کنگز کو 8وکٹوں سے شکست ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے مسلسل ..

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 فروری۔2016ء) پاکستان سپر لیگ کے تیسرے روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے احمد شہزاد اور لک رائٹ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز کو شکست دیکر ٹورنا منٹ کی مسلسل دوسری کامیابی اپنے نام کرلی ٗ کراچی کنگز کی طرف سے دیا گیا 148رنزکا ہدف 18ویں اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ٗ کوئٹہ کی جانب سے انور علی اور محمد نبی نے دو ٗدو وکٹیں حاصل کر کے مخالف ٹیم کو بڑے مجموعے تک نہ پہنچنے دیا ٗ احمد شہزاد کو 71رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیاگیا ۔

ہفتہ کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم کراچی کنگز کا آغاز اچھا ثابت نہیں ہوا نعمان انور پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے ٗ سیموئل بھی 11 رنز بنا کر محمد نواز کا نشانہ بنے، جیمز وینس نے شکیب الحسن کے ہمراہ تیسری وکٹ کیلئے 23 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم جیمز وینس 30 رنز کی اننگز کھیل کر 53 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے جب شکیب الحسن 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کراچی کا اسکور 69 رنز تھا اس کے بعد کپتان شعیب ملک اور روی بوپارا نے پانچویں وکٹ کیلئے 69 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی کپتان شعیب ملک اور روی بوپارا نے 5 ویں وکٹ پر اسکور کو 138 رنز تک پہنچایا لیکن بوپارا اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں انور علی کی گیند پر سعد نسیم کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے وہ 40 رنز بنا کر کنگز کے سرفہرست بلے باز رہے۔

(جاری ہے)

شعیب ملک 37 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی تھے ٗعماد وسیم صفر پر رن آؤٹ ہوئے سہیل تنویر ایک اور افتخار احمد صفر پر ناٹ آؤٹ رہے اور اس طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 148رنز کا ہدف ملا ۔کوئٹہ کی جانب سے انور علی اور محمد نبی نے دو ٗدو وکٹیں حاصل کیں ٗ پہلے میچ میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے محمد نواز کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔148کے جواب میں احمد شہزاد اور لک رائٹ نے جارحانہ آغاز کیا لک رائٹ چار چوکوں اوردو چھکوں کے ساتھ 47رنز کی شاندار اننگز کھیل کر عماد وسیم کی گیند پر نعمان انور کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد احمد شہزاد کا ساتھ دینے کیلئے پیٹر سن آئے اور دونوں کے درمیان 46رنز کی شراکت داری ہوئی احمد شہزاد ن46گیندوں پر چار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 71رنز کی شاندار اننگز کھیل کر شکیب الحسن کی گیند پر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے اس وقت کوئٹہ کی ٹیم کو جیت کیلئے صرف دس رنزکی ضرورت تھی جسے وکٹ پر موجود پیٹر سن نے نئے آنے والے بلے باز سرفراز احمد کے ساتھ ملکر بآسانی حاصل کرلیا پیٹر سن 23اور سرفراز ایک رن بنا کر ناٹ آؤ ٹ رہے 18ویں اووز میں کوئٹہ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف حاصل کر کے ٹور نا منٹ کی دوسری کامیابی اپنے نام کرلی پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دی تھی ۔