Live Updates

وفاقی حکومت عوام پر ناروا ٹیکسوں کا بوجھ کم اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک منتقل کرے، پاکستان تحریک انصاف کا مطالبہ

اپنے تین سالہ دور اقتدار میں مسلم لیگ نواز تاریخ کی سب سے ظالم جمہوری حکومت ثابت ہوئی ہے جس نے اپنی بدعنوانیوں اور ناکام معاشی پالیسیوں سے عوام کیلئے بے شمار مشکلات پیدا کی ہیں شریف برادران اپنی انتخابی مہم میں مہنگائی کم کرنے، جنرل سیلز ٹیکس کی شرح گھٹانے، بجلی بحران ختم کرنے اور گزشتہ ادوار میں لوٹی گئی قومی دولت وطن واپس لانے کا وعدہ کیا کرتے تھے، تاہم حکومت میں آتے ہی انہوں نے اپنے تمام وعدے فراموش کردیے اور عوام پر ظلم و ستم کا ایک نیا دور شروع کیا،سیف اللہ نیازی کا احتجاجی ریلی سے اپنے خطاب

ہفتہ 6 فروری 2016 21:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 فروری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سنئیر رہنما سیف اللہ نیازی نے وفاقی حکومت کی ناکام اور عوام دشمن پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے حکومت سے عوام پر ناروا ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنے اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اپنے تین سالہ دور اقتدار میں مسلم لیگ نواز تاریخ کی سب سے ظالم جمہوری حکومت ثابت ہوئی ہے جس نے اپنی بدعنوانیوں اور ناکام معاشی پالیسیوں سے عوام کیلئے بے شمار مشکلات پیدا کی ہیں۔

شریف برادران اپنی انتخابی مہم میں مہنگائی کم کرنے، جنرل سیلز ٹیکس کی شرح گھٹانے، بجلی بحران ختم کرنے اور گزشتہ ادوار میں لوٹی گئی قومی دولت وطن واپس لانے کا وعدہ کیا کرتے تھے، تاہم حکومت میں آتے ہی انہوں نے اپنے تمام وعدے فراموش کردیے اور عوام پر ظلم و ستم کا ایک نیا دور شروع کیا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کی آبپارہ مارکیٹ میں ایک بڑی احتجاجی ریلی سے اپنے خطاب میں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز نے تین سال گزر جانے کے باوجود عوام سے کیا گیا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا اور نہ ہی عوام کی فلاح و ترقی کیلئے کوئی حکمت عملی اختیار کی۔ آج بھی مسلم لیگ نواز غریبوں سے ٹیکس وصول کرنے اور امیروں کو ٹیکس میں چھوٹ دینے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ مسلم لیگ نواز نے ملکی تاریخ کے مہنگے ترین قرضے غیر معمولی مقدار میں حاصل کیے جس کے نتیجے میں ہر پاکستانی سوا لاکھ روپوں کا مقروض ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخی میں جتنے قرضے حاصل کیے گئے ان کے مجموعی حجم سے زائد قرضے مسلم لیگ نواز نے محض تین سالوں میں حاصل کیے۔ ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کے اقتدار میں آنے سے پہلے پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس کی شرح بالترتیب 23اور 22فیصد تھی جبکہ آج وفاقی حکومت ڈیزل پر 98فیصد مٹی کے تیل پر 61فیصد اور پٹرول پر 52فیصد تک کے ٹیکسز وصول کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو فروخت کی جانے والی قیمت سے اگر ٹیکس نکال دیا جائے تو ڈیزل کی قیمت 38مٹی کا تیل کی قیمت 26جبکہ پٹرول کی قیمت 47روپے رہ جاتی ہے۔تحریک انصاف نے وفاقی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے حکومتی پالیسیوں کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرے کی ابتداء تحریک انصاف کے مرکزی آفس سے کی گئی جوکہ آبپارہ چوک میں جا کر ختم ہوا۔ مظاہرے میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ ہزاروں کی تعداد میں شریک ہوئے

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات