اداکارہ پباشا باسو اور اداکار کرن سنگھ گروور کی منگنی کی افواہیں

پباشا باسو اورجان ابراہم کے درمیان بھی طویل عرصے معاشقے کی خبریں زبان زد عام رہیں منگنی کی بجائے شادی کو ترجیح دوں گی‘جب شادی ہوگی سب کو پتہ چل جائے گا‘بپاشا باسو

اتوار 7 فروری 2016 11:40

اداکارہ پباشا باسو اور اداکار کرن سنگھ گروور کی منگنی کی افواہیں

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 فروری۔2016ء) بالی ووڈ میں اپنی بے باک اداکاری کے حوالے سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ پباشا باسو اور اداکار کرن سنگھ گروور کی منگنی کی افواہیں گردش کرنے لگیں ہیں۔بالی ووڈ اداکارہ پباشا باسو اور ایکشن ہیرو جان ابراہم کے درمیان طویل عرصے معاشقے کی خبریں زبان زد عام رہی ہیں جب کہ دونوں اداکاروں میں علیحدگی کے بعد بپاشاباسو ایک اور اداکار کرن سنگھ گروور کے درمیان قربتیں بڑھنے لگیں یہی نہیں بلکہ دونوں اداکاروں کو کئی مقامات پر ایک ساتھ دیکھا گیا ہے جس کے بعد اب ان دونوں کی منگنی کی افواہیں پھیلنا شروع ہوگئیں ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کرن سنگھ گروور اور بپاشا باسو کے درمیان کئی عرصے سے معاشقہ چل رہا ہے اور دونوں اداکاروں کو کئی مقامات پر ایک ساتھ چھٹیاں گزارتے دیکھا گیا ہے یہی نہیں بلکہ دونوں اداکار انسٹا گرام پر بھی اپنی ایک ساتھ تصویر شیئر کرتے رہتے ہیں جس کے بعد اب دونوں اداکاروں نے جلد ہی اپنی دوستی کو رشتے میں بدلنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور جلد ہی دونوں اداکار منگنی کرلیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اداکارہ بپاشا باسو نے منگنی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ سمیت خاندان کے تمام افراد ان کی شادی کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے وہ تیار نہیں ہیں جب کہ وہ منگنی پر یقین نہیں رکھتی اسی لیے منگنی کی بجائے شادی کو ترجیح دیں گی اورجب ان کی شادی ہوگی سب کو پتہ چل جائے گا۔