کراچی سے لاہور تک ایل این جی پائپ لائن کی تعمیرآئندہ دو سے تین ماہ میں شروع کر دی جائے گی ٗروسی کمپنی کااعلان

ممکنہ شراکت داروں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں ٗ منصوبے کی حتمی مالیت حتمی اندازے لگائے جانے کے بعد ہی بتائی جا سکے گی ٗ کمپنی کے سربراہ کا بیان

اتوار 7 فروری 2016 13:16

ماسکو /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 فروری۔2016ء) روسی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ کراچی سے لاہور تک ایل این جی پائپ لائن کی تعمیرآئندہ دو سے تین ماہ میں شروع کر دی جائے گی۔روسی میڈیا کے مطابق اس منصوبے پر تعمیراتی کام کرنے والی روسی کارپوریشن روس تیک کے سربراہ سرگئی چیمیزوو نے بتایا کہ ایل این جی پائپ لائن کی تعمیر کا کام آئندہ دو سے تین ماہ میں شروع ہو جائے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت پائپ لائن منصوبے میں روس کے ساتھ تعاون کرنے والے ممکنہ شراکت داروں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔چیمیزوو نے کہا کہ منصوبے کی حتمی مالیت مکمل اندازے لگائے جانے کے بعد ہی بتائی جا سکے گی۔یاد رہے کہ کچھ عرصہ پہلے وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ پائپ لائن کی تعمیر ماہ جولائی میں شروع ہوگی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کراچی سے لاہور تک ایل این جی پائپ لائن منصوبہ روس پاک معاشی تعاون کی تاریخ میں سب سے بڑا مشترکہ منصوبہ ہے۔

گذشتہ برس روسی وزیر توانائی کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد کی وزیر پیٹرولیم سے ہونے والی اہم ملاقات میں روس نے بین الحکومتی بنیاد پر پائپ لائن کی تعمیر پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ ذرائع کے مطابق کراچی تا لاہور ایل این جی پائپ لائن کی صلاحیت بارہ ارب کیوبک فٹ ہوگی جبکہ ایل این جی پائپ لائن کی تعمیر کے منصوبے پر دو ارب ڈالرز لاگت آئے گی۔منصوبے کی تکمیل کے بعد پنجاب میں لگنے والے چھتیس سو میگاواٹ بجلی کے پیداروای پلانٹ ایل این جی پر چلیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے وزارت پیٹرولیم کو روس کے ساتھ معاملات طے کرنے کی ہدایت کی تھی۔

متعلقہ عنوان :