لندن شہر کے بیچوں بیچ بس کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا۔ شہری پریشان مگر۔۔۔

Ameen Akbar امین اکبر پیر 8 فروری 2016 09:36

لندن شہر کے بیچوں بیچ بس کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا۔ شہری پریشان ..

لندن کے شہری اتوار کی صبح شہر میں بہت تیز دھماکے کی آواز سن کر پریشان ہوگئے۔ دھماکے، جو لندن شہر کے ایک پل لامبتھ برج پر ہوا، کے نتیجے میں ایک ڈبل ڈیکر بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔دھماکے کے آواز سن کر شہری اور پولیس کے بہت سے افراد بھی پریشان ہوگئے مگر ان کی پریشانی یہ جان کر رفع ہوئی کہ یہ دھماکہ جیکی چن کی آنے والی فلم دی فارنر کی شوٹنگ کے لیے کیا گیا تھا۔

دھماکے سے جہاں بہت سے شہری پریشان ہوئے وہیں نیشنل پولیس ائیر سروس بھی حیران رہ گئی۔
فلم کی شوٹنگ کے لیےعلاقے میں چاروں طرف خبردار کرنےکے لیے بورڈ لگائے گئے تھے مگر دھماکے کی شدت توقع سے زیادہ تھی۔ فلم کی شوٹنگ کےلیے فلم کی ٹیم نے علاقہ مکینوں کو خطوط لکھ کر خبردار کیا تھا تاہم دھماکے کی زیادہ شدت کے باعث ذرا دور رہنے والے شہری اور پولیس انتظامیہ اسے دہشت گردی کی کاروائی سمجھے۔

(جاری ہے)


پورٹ آف لندن کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت پل کو بند کر دیا گیا تھا اور کسی ممکنہ حادثے سے بچنے کےلیے فائربرگیڈ کا عملہ بھی موقع پر موجود تھا۔
فلم انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو لکھے گئے خطوط کے مطابق فارنر ایک ایکشن فلم ہے ، جو سٹیفن لیدر کی کتاب دی چائنا مین پر بنائی گئی ہے۔اس فلم کو کینسو رائل اور گولڈن آئی فلم بنانے والے بونڈ فلموں کے ڈائریکٹر مارٹن کیمپبل نے بنایا ہے۔ اس فلم میں سابقہ جیمز بونڈ پیئرس بروسنین بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔