آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت پارٹی لیڈر شپ کے افکار کو اجاگر کررہی ہے ،چوہدری عبد المجید

پیر 8 فروری 2016 16:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت پارٹی لیڈر شپ کے افکار کو اجاگر کررہی ہے اور پارٹی ویژن کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔ذوالفقار علی بھٹو سے سیاست سیکھی ہے جنہوں نے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جان تک قربان کردی۔

بھٹو ازم کو ماننے والے اور عوامی حقوق کا تحفظ ہی ہمارا سیاسی ایجنڈا ہے عوامی حقوق پر کبھی کمپرومائز نہیں کریں گے ۔قومی غیرت کو کبھی نیلام نہیں ہونے دیں گے۔آزادکشمیر کے انتخابات کو ہائی جیک نہیں ہونے دیں گے اصولی سیاست کرتے ہیں جھکنا،بکنا ہماری ڈکشنری میں شامل نہیں ہے ریاستی تشخص ،آئین وقانون کی پاسداری اور ریاستی عوام کے حقوق کاتحفظ ہماری سیاست کا مقصد ہے جمہوری سسٹم کے ماننے والے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان ہمارے عقیدے ونظریے کاحصہ ہے ہماری لیڈر شپ نے پاکستان کے استحکام اور جمہوریت کے فروغ کے لیے اپنا لہو بہایا۔آزادکشمیر میں پارٹی لیڈر شپ کے اسی ویژن کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔ آزادکشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے اخوت ،رواداری اور مفاہمت کی سیاست تحریک آزادی کی ضرورت ہے ہماری مفاہمت کی سیاست کو کمزوری سمجھنے والے غلطی پر ہیں ۔

آزادکشمیر کے عوام نے 2011کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کو بھاری مینڈیٹ دیا عوام کے مینڈیٹ کا تحفظ کررہے ہیں ۔2011کے انتخابات میں عوام سے کیے جانے والے وعدے پورے کررہے ہیںآ زادکشمیرکے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے میگا پراجیکٹس دیئے اور مزید میگا پراجیکٹس دیں گے 2016کے انتخابات دوتہائی اکثریت سے جیت کردکھائیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید یہاں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے۔

ان وفود میں پیپلزپارٹی لائرز فورم کے صدر سردارگل نواز ایڈووکیٹ،پی ایس ایف کے صدر ضیاء القمر،اور پیپلزپارٹی کے ڈویژنل صدر اصغر گجر ودیگر سیاسی وسماجی وفودشامل تھے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ تحریک آزادی کی کامیابی ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے اور یہ ہمارے لیے زندگی وموت کامسئلہ ہے ریاست جموں وکشمیر کے عوام نے بھارتی سنگینوں تلے پاکستان زندہ باد کے نعرے اور پاکستانی پرچم بلند کرکے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان ہی اہل کشمیر کی منزل ہے جس کا فیصلہ زعما نے کیا تھا اور ریاستی زعما کے روڈ میپ پر سفر کررہے ہیں ۔

ریاستی عوام کی تحریک کا راستہ نہیں روکا جاسکتا تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ ہے جن کی لازوال قربانیوں نے کشمیر ایشو کو دنیا کا فلش پوائنٹ بنا دیا ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اب بھارت کے قابض وغاصب حکمران مقبوضہ کشمیر پر زیادہ عرصہ اپنا جابرانہ تسلط برقرار نہیں رکھ سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :