تاجر نان فائلرز کیلئے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا بھرپور فائدہ اٹھائیں ،عاطف اکرام شیخ

پیر 8 فروری 2016 20:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 فروری۔2016ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ تاجروں کونان فائلرز کیلئے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاپیے حکومت نے نان فائلرز کیلئے ٹیکس ایمنسٹی سکیم متعارف کرائی ہے جس کے تحت وہ 50کروڑ کے غیر اعلان شدہ ورکنگ کیپٹل پر صرف ایک فیصد ٹیکس ادا کر کے ٹیکس کے دائرے میں آ سکتے ہیں لہذا نان فائلر تاجر برادری اس سکیم سے بھرپور استفادہ حاصل کرے جس سے ملک کے ٹیکس ریونیو میں بھی بہتری آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے ایف سکس مرکز سپر مارکیٹ کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کے ایک وفد کے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے ایسوسی ایشن کے صدر شہزاد شبیر عباسی کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

عاطف اکرام شیخ نے وفاقی وزیر خزانہ جناب اسحاق ڈار کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بینکوں کے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے ٹیکس ایمنسٹی جیسی فائدہ مند سکیم متعارف کرائی۔

انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ اس سکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تا کہ ملک کی ٹیکس ریونیو میں بھی مزید بہتری پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے بلیو ایریا سمیت دیگر کئی مارکیٹوں میں تجاوازات کے خاتمہ کے لئے آپریش شروع کر دیا ہے تاہم سی ڈی اے کو چائیے کہ اس طرح کے آپریشن شروع کرنے سے پہلے اسلام آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور متعلقہ مارکیٹ یونین کو ضرور اعتماد میں لے تاکہ سب کی مشاورت اور رضامندی سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جا سکے اور تاجر برادری کو غیر ضروری نقصان سے بھی بچایا جا سکے۔

انہوں نے تجویز دی کہ سی ڈی اے او ر تاجر برادری کے نما ئندگان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے تجاوزات کے معاملات کو بہتر طور پر حل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اسلام آباد شہر کو گرین سٹی بنانے کے لئے سی ڈی اے کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیار ہے تاہم تمام حل طلب مسائل کو حل کرنے کے لئے یک طرفہ اقدامات اٹھانے سے گریز کیا جا ئے ۔ انہوں نے سپر مارکیٹ کی نومنتخب ایسوسی ایشن کو مبارکبادیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ یونین کو چائیے کہ وہ تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لئے آئی سی سی آئی سے مسلسل تعاون جاری رکھیں تاکہ مل جل کر مسائل کا حل نکالا جا سکے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ نڈسٹری کے نائب صدر شیخ عبدالوحید نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور تاجروں کو یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی ان کے تمام اہم مسائل کو حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا۔ ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ایف سکس مرکز سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد شبیر عباسی نے اپنے خطاب میں پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ قانون کرایہ داری کے بل کو جلد پاس کرے کیونکہ اس بل کو قانونی شکل دینے میں تاخیر کی وجہ سے بہت سے تاجروں کا مستقبل خطرے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کافی عرصہ پہلے تمام سٹیک ہولڈرز کی باہمی رضامندی سے قانون کرایہ داری کا نیا مسودہ تیار کر کے قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے ابھی تک اس بل کو پاس نہیں کیا گیا جس وجہ سے دکانداروں اور مالکان کے مابین کرایہ داری کے تنازعات بڑ ھ رہے ہیں اور تاجر اپنے مستقبل کے بارے میں اپنے آپکو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں لہذا قومی اسمبلی آئندہ اجلاس میں قانون کرایہ داری کے بل کو پاس کر کے اسے قانونی شکل دے تاکہ تاجر برادری کے کرایہ داری سے متعلقہ تنازعات کو پر امن طور پر حل کیا جا سکے اور کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سپر مارکیٹ وفاقی دارالحکومت کی ایک اہم مارکیٹ ہے لیکن یہ مارکیٹ گونا گوں مسائل کا شکار ہے جس میں سیوریج سسٹم کا نظام، فٹ پاتھ، مارکیٹ کی سڑکیں، کار پارکنگ اور سٹریٹ لائٹس جیسی سہولیات مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں ہیں لہذا سی ڈی اے کو چائیے کہ وہ بنیادی انفراسٹریکچر میں بہتری لاتے ہوئے مارکیٹ کے ان مذکورہ مسائل کو فوری طور پر حل کرے انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سفارتکار اور د یگر معزز مہمان شاپنگ کے لئے اکثر اس مارکیٹ کا رخ کرتے ہیں لیکن اس کی مارکیٹ کی موجودہ حالت تسلی بخش نہیں ہے لہذا سی ڈی کو چائیے کہ وہ اس مارکیٹ کو بہتر بنانے کے لئے ترجیحی توجہ دے۔