انتخابی اصلاحات کے بارے میں نئے انتخابی قو انین سے متعلق مسودہ 2 سے 3 ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا، الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں ستمبر تک خرید لی جائیں گی اور ستمبر کے بعد ہونے والے ضمنی انتخاب میں ووٹنگ مشینیں تجرباتی طور پر استعمال کی جائیں گی

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تغیرات اور انسانی حقوق زاہد حامد کی یورپی یونین کے انتخابی ماہرین کے مشن سے گفتگو

پیر 8 فروری 2016 22:44

اسلام آباد ۔ 8 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تغیرات اور انسانی حقوق زاہد حامد نے توقع ظاہر کی کہ انتخابی اصلاحات کے بارے میں نئے انتخابی قو انین سے متعلق مسودہ 2 سے 3 ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا، الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں ستمبر تک خرید لی جائیں گی اور ستمبر کے بعد ہونے والے ضمنی انتخاب میں ووٹنگ مشینیں تجرباتی طور پر استعمال کی جائیں گی۔

انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں یورپی یونین کے انتخابی ماہرین کے تین رکنی مشن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے یورپی یونین کے انتخابی مشاہداتی مشن کے سابق چیف آبزرور مائیکل گہلر کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں انتخابی اصلاحات کے عمل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

زاہد حامد، جو کہ انتخابی اصلاحات کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں، نے وفد کو انتخابی اصلاحات بارے پارلیمانی کمیٹی اور اس کی ذیلی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کے کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے مشن کو بتایا کہ انتخابی اصلاحات بارے پارلیمانی کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بارے میں سب کمیٹی کے اب تک 49 اجلاس منعقد ہو چکے ہیں جن میں انتخابات سے متعلق تمام قوانین کا جائزہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 10 آئینی ترامیم پر اتفاق کیا ہے جبکہ کمیٹی نے متنازعہ امور پر کوئی غور نہیں کیا، ہم نے پارلیمانی کمیٹی کو انتخابی اصلاحات میں پیش رفت بارے 5 رپورٹس دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے جو کہ بڑی مثبت بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سول سوسائٹی سے ملنے والی تمام تجاویز کو بھی حل کیا ہے۔ ذیلی کمیٹی نے تمام تجاویز کا ایک ایک کر کے جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر زاہد حامد نے توقع ظاہر کی کہ انتخابی اصلاحات کے بارے میں نئے انتخابی قو انین سے متعلق مسودہ 2 سے 3 ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ووٹرز کی تصدیق کے حوالہ سے الیکشن کمیشن نے اہم کام کیا ہے اور ہم جلد ہی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کیلئے ٹینڈرز کے احکامات جاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینز ستمبر تک خرید لی جائیں گی اور ستمبر کے بعد ہونے والے ضمنی انتخاب میں ووٹنگ مشینیں تجرباتی طور پر استعمال کی جائیں گی۔ پاکستان کے دورے پر آئے یورپی یونین کے ماہرین کے مشن نے انتخابی اصلاحات کے بارے میں تفصیلات بیان کرنے پر وفاقی وزیر زاہد حامد کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ انتخابات سے پہلے پولنگ کے عملہ کی تربیت کیلئے مناسب تربیتی اکیڈمی ہونی چاہئے۔ ملاقات میں یورپی یونین کے سفیر جین فرینکوئس کاٹین اور وزیراعظم کے معاون خصوصی بر ائے انسانی حقوق بیرسٹر ظفر اللہ بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :