ملک کے بالائی و پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار

منگل 9 فروری 2016 14:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 فروری۔2016ء) ملک کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، محکمہ موسمیات نے بدھ اور (کل)جمعرات کو مری اور گلیات میں برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان میں موسم سرد اور خشک ہے،تاہم سردی کی شدت برقرار ہے اور شمالی بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہیں ہیں ، جس کے باعث سردی کی شدت برقرار ہے، پنجاب میں چیچہ وطنی،گڑھ مہاراجا اور شورکوٹ سمیت مختلف علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

سندھ میں موسم کچھ بہتر ہے۔ محکمہ موسمیات نے بدھ اور جمعرات کے روز خیبرپختو نخواہ، فاٹا، بالائی پنجاب،گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری اور بدھ اور جمعرات کے روز گندم کی کاشت کے بارانی علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔