دھیر کوٹ کے ناکارہ اورنااہل شخص نے اپنی ہوس اقتدار کو پورا کرنے اور ایک بوٹی حاصل کرنے کیلئے پوری گائے زبح کر دی،راجہ فاروق حیدر

مسلم لیگ(ن) کے قیام کا مقصد انصاف پر مبنی نیا نظام قائم کرنا ہے ، پارٹی اقتدار میں آکر سب سے پہلے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کروائے گی اور لوکل باڈیز میں یوتھ اور خواتین کو30فیصد نمائندگی دی جائیگی، استقبالیہ میں خطاب

منگل 9 فروری 2016 20:21

کوٹلی، اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیرکے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان کہا ہے کہ دھیر کوٹ کے ناکارہ اورنااہل شخص نے اپنی ہوس اقتدار کو پورا کرنے اور ایک بوٹی حاصل کرنے کیلئے پوری گائے زبح کر دی،کشمیریوں کو مسلم کانفرنس جیسے سایہ دار درخت سے محروم کر نے والے آج خود دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوچکے ہیں۔

آزاد کشمیر پر بدیانت ٹولہ مسلط ہے ان کی تعفن شدہ لاشوں سے کرپشن کی بو آتی ہے آج آزاد کشمیر کے حالات ڈوگرہ دور سے بدتر ہوچکے ہیں، کوئی ادارہ اپنی جگہ پر موجود نہیں، مالیاتی ڈسپلن کئی نظر نہیں آتا، جی حضوری اور کرپشن کی بنیا د پر ملک کو چلایا جا رہا ہے لیکن اب ظلم اور بدیانتی کا سورج غروب اور مسلم لیگ(ن) کا سورج طلوع ہونے والا ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ(ن) کے قیام کا مقصد انصاف پر مبنی نیا نظام قائم کرنا ہے ، مسلم لیگ(ن) اقتدار میں آکر سب سے پہلے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کروائے گی اور لوکل باڈیز میں یوتھ اور خواتین کو30فیصد نمائندگی دی جائیگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹلی سٹی میں مسلم لیگی راہنما مرزا بشارت کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ میں خطاب کے دوران کیا۔ استقبالیہ سے ممبرقانون ساز اسمبلی راجہ نصیر احمد خان، سابق وزیر حکومت راجہ نثار احمد خان،راجہ ایوب خان، ملک محمد یوسف ایڈووکیٹ،خورشید احمد قادری، ذوالفقار علی ملک، راجہ ریاست، لیاقت مغل، راجہ عقیل ظہیر زرگر، مرزا بشارت اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض کوٹلی سٹی کے جنرل سیکرٹری سردار معروف طفیل نے ادا کیے۔

اس موقع پرمختلف برادریوں کی سرکردہ شخصیات نے مسلم کانفرنس اور پیپلز پارٹی سے مستعفی ہو کر مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔ استقبالیہ تقریب میں سردار عبدالخالق وصی#، راجہ مشتاق احمد ایڈووکیٹ، ملک آصف، امیر جنہال، نجینئر عدیل، ملک محمد سلیم،راجہ رضوان آف سرہوٹہ، سردار مشہود،عارف ناز، کاشف بڑالوی اور دیگر مسلم لیگی عہدیداران و کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھی۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مسلم لیگ(ن) میں نئے شامل ہونے والوں کو میاں محمد نواز شریف اور اپنی جانب سے مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہجوم نے جماعت بننا ہے کیونکہ جماعت پر اللہ کا ہاتھ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قبیلائی سیاست اس ملک کیلئے زہر قاتل ہے قبیلوں کی بنیاد پر سیاست میں کامیابی ممکن نہیں ۔ ہم سب کی ایک برادری مسلم لیگ(ن) ہے اور ہمارا لیڈر میاں محمد نواز شریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کفر کی حکومت تو قائم رہ سکتی ہے لیکن ظلم کی نہیں دُنیا میں بہت سے ممالک میں کفر کی حکومتیں قائم ہیں لیکن وہ انصاف کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کا آزاد کشمیر میں قیام کا بنیادی مقصد پاکستان سے کمزور ہوتے رشتوں کو مضبو کرنا اور آزاد کشمیر میں ایک غیر روایتی حکومت کا قیام اور انصاف پر مبنی نظام قائم کرنا ہے تاکہ میرٹ کی بنیاد پر لوگوں کو ان کا حق ملے۔

انہوں نے کہا کہ کوٹلی سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان کا شہر ہے جنہوں نے کوٹلی کو شناخت دی اور ضلع بنایا اب وقت آگیا ہے کہ جن لوگوں نے کوٹلی کی خدمت کی آپ ان کا قرض اتاریں۔ انہوں نے کہا کہ کوٹلی میں اضافی حلقہ بنے گا تو اور کہیں بھی بنے گا ورنہ کہیں نہیں ہوگا لیکن ابھی تک اس بارے میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی موجودہ ایم ایل اے اور سینئر وزیر اس میں سب سے بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

راجہ نصیر احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کا منبع عوام ہیں الیکشن کا سیزن ہے عوام ہوشیار ہوجائیں کہیں بہروپیے بھیس بدل کر آپ کے پاس آئیں گے آپ نے پیپلزپارٹی کو آزما لیا آج فریال تالپور کا نوکر آزاد کشمیر کا نظام حکومت چلا رہا ہے جو کپڑے استری نہ ہونے پر وزیراعظم آزاد کشمیر کی تذلیل کر دیتا ہے۔ چوہدری مجید کے وزراء ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگاتے اور سرعام رشوت طلب کرتے ہیں گویا ان کے نزدیک یہ کوئی باعث شرم بات ہے ہیں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عتیق خان نے ساری زندگی مسلم کانفرنس کے بل پر اقتدار کے مزے لوٹے اور پھر اسے اپنے ہاتھوں سے زبح کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ حالات مسلم لیگ(ن) کیلئے ساز گار ہیں کسی کوئی کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے ہم سب کا لیڈر میا ں محمد نواز شریف ہیں اور مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کا صدر راجہ محمدفاروق حیدر خان ہیں اور وہی ہمارے وزیراعظم ہونگے۔

سابق وزیر حکومت راجہ نثار احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار ہماری خواہش نہیں ہم چاہتے ہیں کہ اس خطہ کے مسائل حل ہوں یہاں تعمیر وترقی ہو ، نوجوانوں کوباعزت روزگار ملے ہم اس کرپٹ نظام کو بدلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا انشاء اللہ بہت جلد آزاد کشمیرمیں بھی مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہو گی لیکن اس کیلئے اتفاق و اتحاد بنیادی شرط ہے مسلم لیگی کارکن آپس میں اتحاد اتفاق کا مظاہر ہ کریں کامیابی آپ کا مقدر ہو گی۔

امیدوار اسمبلی ملک محمد یوسف ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آمدہ الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کوٹلی کی پانچوں نشستیں جیت کر قیادت کو تحفے میں پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوٹلی لوگ سیاسی بصیرت رکھتے ہیں کسی نہیں ساری زندگی حلقہ کوٹلی کی نشست کا بیمہ نہیں کروا رکھا ۔ یہ شہر سالارجمہوریت کے چاہنے والوں کا شہر ہے اور مسلم لیگ(ن) حلقہ ایک کے نشست جیت چکی صرف رسمی کاروائی باقی ہے

متعلقہ عنوان :