صحت وخدمت کارڈز عوام کے لئے نہیں کمیشن مافیا کے لئے سود مند ثابت ہوگا،ابراررضا

منگل 9 فروری 2016 22:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 فروری۔2016ء)پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی صدر ابراررضاایڈووکیٹ ،نائب صدر فاروق بٹ نے خدمت کارڈ اور صحت کارڈ کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ خدمت کارڈ اورصحت کارڈ عوام کی سہولت کے لئے نہیں بلکہ میٹرو منصوبے کی طرح منظور نظرافراد کو نوازنے کے لئے ہے،20کروڑ کی آبادی میں صرف 32لاکھ افراد کے لئے صحت کی سہولت ملک کے کروڑوں غریب عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا نارواسلوک اور حقوق سلب کرنے کے مترادف ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک کے مذمتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر احسان اﷲ سیال،سردار برکت ایڈووکیٹ،عرفان طاہر،اجمل چوہدری،سفیان صابر،نعمان کریم،محمد سلیم،صدیق بٹ ،ملک شبیر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو پلوں اور سڑکوں سے کوئی سروکار نہیں ہے،غریبوں کو روزگار،علاج،صحت،تعلیم کی ضرورت ہے ، حکمران عوام کو یہ بنیادی سہولیات دینے میں بری طرح ناکام ہیں۔انہوں نے کہا کہ میگا منصوبوں کے ذریعے کرپشن کی نذر ہونے والا پیسہ غریب عوام پر خرچ کیاجائے،تو عوام کی حالت بدل سکتی ہے،انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم بھی ہزاروں کھرب کی کرپشن کرنے والوں کے ساتھ حکومتی مک مکا شرمناک اور قابل مذمت ہے،ایمنسٹی سکیم کے ذریعے ملکی دولت لوٹنے والوں کو بلیک منی کو وائٹ کرنے کالائنسنس دے دیا گیا۔