سٹیو وا سے زیادہ خودغرض کھلاڑی کے ساتھ نہیں کھیلا:شین وارن

بدھ 10 فروری 2016 11:10

سٹیو وا سے زیادہ خودغرض کھلاڑی کے ساتھ نہیں کھیلا:شین وارن

سڈنی(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار10فروری- 2016ء) عظیم آسٹریلین کرکٹر شین وارن نے سابق کپتان سٹیو وا کو خودغرض کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آج تک سٹیو وا سے زیادہ خودغرض کھلاڑی کے ساتھ نہیں کھیلے۔آسٹریلین کرکٹ کے دونوں عظیم کھلاڑیوں کے درمیان ایک عرصے سے چپقلش جاری ہے جو ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔دونوں کے تعلقات میں تناوٴ کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب 1999 ء میں آسٹریلیا کے دورہ ویسٹ انڈیز کے موقع پر سٹیو وا نے وارن کو ٹیسٹ میچ کیلیے ٹیم سے باہر کرنے میں کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ متعدد وجوہات ہیں جن کی وجہ سے میں سٹیو وا کو پسند نہیں کرتا کیونکہ وہ میں آج تک ان سے زیادہ خود غرض کھلاڑی کیساتھ نہیں کھیلا۔کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین لیگ سپنر نے کہا کہ جس طرح سٹیو وا نے مجھے میرے ٹیم سے اخراج کی اطلاع دی، وہ مجھے اب بھی یاد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وا کی ایک چیز جس نے مجھے واقعی سب سے زیادہ غصہ دلایا وہ دورہ ویسٹ انڈیز کے موقع پر ٹیسٹ میچ سے ڈراپ کرنا تھا۔

ہمیں ٹرافی جیتنے کیلئے وہ ٹیسٹ ہر حال میں جیتنا تھا۔یاد رہے کہ اس وقت کپتان سٹیو وا، نائب کپتان شین وارن اور جیف مارش ٹیم کا انتخاب کرتے تھے۔وارن نے بتایا کہ ہم ٹیم کے انتخاب کے لیے بیٹھے، میں نے اچھی باوٴلنگ نہیں کی تھی، ہمیں شکست ہوئی، برائن لارا نے غیریقینی بیٹنگ کی لیکن میں محسوس کرتا تھا کہ مجھے قربانی کا بکرا بنایا گیا، وہ اس لیے کہ میں نے اچھی باوٴلنگ نہیں کی تھی جو میری غلطی تھی۔

جب ہم ٹیم کے انتخاب کیلئے میز پر بیٹھے اور کہا کہ اوکے، سب کا کیا خیال ہے؟ سٹیو وا نے کہا کہ تم نہیں کھیل رہے۔شین وارن نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں نے کہا کیا؟ تم کیا سمجھتے ہو کہ پھر ٹیم کیا ہو گی اور بہت کچھ، لیکن سٹیو وا نے کہا نہیں، میں اس ٹیم کا کپتان ہوں۔ تم نہیں کھیل رہے۔میں اس سے بہت مایوس ہوا۔سابق عظیم لیگ سپنر نے کہا کہ میں کئی وجوہات کے سبب سٹیو وا کو پسند نہیں کرتا لیکن اصل وجہ یہ ہے۔واضح رہے کہ ایک موقع پر سٹیو وا نے تسلیم کیا تھا کہ اس فیصلے کی وجہ سے وہ ایک بہترین دوست سے محروم ہو گئے لیکن اپنی کتاب میں انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے انہیں ایک بہتر کپتان بننے میں مدد ملی۔