ایف بی آئی سان برنارڈینو حملے میں ملوث رضوان فاروقکے موبائل فون ریکارڈ تک پہنچنے میں ناکام

بدھ 10 فروری 2016 11:43

ایف بی آئی سان برنارڈینو حملے میں ملوث رضوان فاروقکے موبائل فون ریکارڈ ..

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 فروری۔2016ء) امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی سان برنارڈینو حملے میں ملوث سید رضوان فاروق کے موبائل فون کا ریکارڈحاصل کرنے میں ناکام ہو گئی ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی کا کہنا ہے کہ انکرِپشن ٹیکنالوجی کے سبب اس فون کو ابھی تک نہیں کھولا جا سکا ہے اور نہ ہی یہ پتہ چل سکتا ہے کہ اس میں کیا مواد ہے۔

جیمز کومی نے یہ بات امریکی سینیٹ کی انٹیلیجنس کمیٹی کی سماعت کے دوران بتائی۔انھوں نے متنبہ کیا کہ اس طرح کی ٹیکنالوجی سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ’وسیع پیمانے‘ پر پریشانیاں لاحق ہیں۔ایف بی آئی کے ڈائریکٹر نے کہاکہ یہ (ٹیکنالوجی) پولیس، استغاثہ اور تحقیقات کرنے والے ان اہلکاروں کو متاثر کرتی ہے جو کہ کسی قتل، اغوا یا منشیات کے معاملے کی تفتیش کر رہے ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اس کے اثرات ہماری قومی سلامتی پر بھی پڑتے ہیں لیکن زیادہ تر یہ مقامی سطح پر قانون نافذ کرنے والوں کے لیے ایک مسئلہ ہے۔دوسری جانب ٹیکنالوجی کمپنیاں زیادہ سے زیادہ ایسی مصنوعات کو فروغ دے رہی ہیں جسے صرف اس کا مالک ہی پورے طور پر استعمال کرسکے۔بہرحال ایسا پہلی بار نہیں ہے کہ ایف بی آئی کے ڈائرکٹر نے ایسی ٹیکنالوجی پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے جو صارفین کی پرائیویسی کا تحفظ کرتی ہے اور اس طرح مجرموں کو قوت بخشتی ہے۔

گذشتہ سال وائٹ ہاوٴس نے ایف بی آئی کے اعتراض کے باوجود کمپنیوں سے انکرپٹڈ ڈیٹا کے اشتراک کے منصوبے کو ترک کر دیا تھا۔لیکن یہ مسئلہ سان برنارڈینو اور پیرس میں ہونے والے شدت پسندوں کے حملے کے پیش نظر بہت اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ماہرین نے ایسی صورت حال میں بھی متنبہ کیا ہے کہ اگر کمپنیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ذاتی معلومات تک رسائی دیتی ہیں تو اس سے ہیکرز کو بھی وہاں تک رسائی مل سکتی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی شہری سید رضوان فاروق اور ان کی اہلیہ تاشفین ملک نے شدت پسندگروپ دولت اسلامیہ سے متاثر ہو کر ریاست کیلیفورنیا میں 14 افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔یہ دونوں افراد حملے کے بعد پولیس سے مقابلے میں مارے گئے تھے اور حکام کو فاروق کے پاس سے ایک موبائل فون ملا تھا۔