رواں سیزن کیلئے کینو کا برآمدی ہدف 4 لاکھ ٹن مقرر

بدھ 10 فروری 2016 11:57

اسلام آباد ۔ 10 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 فروری۔2016ء) رواں سیزن 2015-16ء کیلئے کینو کا برآمدی ہدف4 لاکھ ٹن مقررکیا گیا ہے جو گذشتہ سال کے ہدف سے ایک لاکھ ٹن زائد ہے تاہم رواں سال کوالٹی کے بعد مسائل کی وجہ سے برآمدی ہدف کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت( ایف پی سی سی آئی) کی قائمہ کمیٹی کے سابق چیئرمین احمد جواد نے”اے پی پی“کو بتایا کہ روس نے مشرق وسطیٰ کے حالیہ تنازعات کے باعث ترکی سے کینو کی درآمدات پر پابندی عائد کردی ہے تاہم کوالٹی کے بعض مسائل کی وجہ سے پاکستان روس کو کینو برآمد کرنے کے سنہری موقع سے استفادہ نہیں کرسکے گا۔

انہوں نے بتایا کہ جی ایس پی کی سہولت سے کینو پر ٹیکس کی شرح صفر ہے لیکن کینو کی کوالٹی کے باعث پاکستانی برآمد کنندگان اس سہولت سے خاطر خواہ استفادہ نہیں کرسکے گا اور رواں سال کینو کی برآمدات میں کمی متوقع ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کینو کے کاشتکاروں کو چاہئے کہ وہ وقت کی ضروریات کے پیش نظر پھل کے معیارکو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ برآمدات کو بڑھایا جاسکے ۔

احمد جواد نے کہا کہ رواں سیزن میں کینو کی برآمدات کا حجم دو لاکھ ٹن رہے نے کا خدشہ ہے جس سے 80 ملین ڈالر زرمبادلہ کے حصول کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ2013-14ء کے دوران170 ملین ڈالرکی برآمدات کی گئی تھیں جبکہ گذشتہ سیزن کے دوران کینو کی برآمدات سے 200ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کینو کی برآمدات کے فروغ کیلئے اس کے معیار کی بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس کے علاوہ ہمیں فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے بتایا کہ کینو کی کوالٹی اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ سے برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے جس سے قیمتی زرمبادلہ کما کر ملکی معیشت کے استحکام میں مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔