بھارتی پولیس نے گرفتار بکری کو ضمانت پر رہا کردیا

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 10 فروری 2016 11:57

بھارتی پولیس نے گرفتار بکری کو ضمانت پر رہا کردیا

چھتیس گڑھ، بھارت۔دراندازی کرنے پر بھارت پاکستانی کبوتر ہی نہیں، اپنے ملک کی بکریوں کو بھی گرفتار کر سکتا ہے۔ بھارتی پولیس نے باڑ پھلانگ کر جج کے باغ میں چرنے والی بکری اور اس کے مالک کو گرفتار کر کے ضمانت پر رہا کر دیا ۔
بے نام بکری اور اس کے مالک عبد الحسن کو پولیس نے ایک جج کی شکایت پر حراست میں لے لیا۔ پولیس کو درج کرائی گئی شکایت میں کہا گیا تھا کہ عبدالحسن کی بکری کئی بار باڑ پھلانگ کے جج کےباغ میں سے پھول اور گھاس کھاگئی ہے۔

(جاری ہے)


عبدالحسن نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ اس کی بکری کئی بار جج کے باغ میں گھس کر پھول اور سبزیاں کھا چکی ہے، جس کی وجہ سے پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ یہ بکری باغ کے مالی کو کئی بار باغ میں ملی ہے، اس کے مالک سے کئی بار شکایت کی گئی ہے۔ مالک کو کئی بار شکایت کرنے کے باوجود جب بکری باز نہ آئی تو پولیس کو شکایت کی گئی۔
عبدالحسن اور اس کی بکری کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے، پولیس نے دونوں پر فوجداری دفعات کے تحت مقدمات قائم کیے ہیں۔