ٹیکسز کی شرح میں کمی سے رواں سیزن کے دوران سویا بین کی درآمدات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، چیئر مین پاکستان ایڈایبل آئل ریفائنریز ایسوسی ایشن

جمعرات 11 فروری 2016 12:16

اسلام آباد ۔ 11 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 فروری۔2016ء) سویا بین کی درآمد پر عائد ٹیکسز کی شرح میں کمی سے رواں سیزن کے دوران اس کی درآمدات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے ۔ پاکستان ایڈایبل آئل ریفائنریز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رشید جان محمد نے کہا ہے کہ گزشتہ سال 2015ء کے دوران سویابین کی درآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور دوران سال تیل دار اجناس کی درآمدات میں 19.56فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں سویابین کی قیمتوں میں کمی اور ٹیکسز میں رعایت سے خوردنی تیل درآمد کرنے والوں نے بڑی تعداد میں سویابین درآمد کیا ہے جس سے خوردنی تیل کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سویابین کی درآمد میں اضافہ سے کینولا اور سورج مکھی کے بیج کی درآمدات میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ویجیٹیبل آئل استعمال کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے جو اپنی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے 90 فیصد درآمدات پر انحصار کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تیل دار اجناس کی ملکی پیداوار کا حجم 37لاکھ ٹن کے قریب ہے اور رواں سال مقامی ضرورت کوپورا کرنے کیلئے 26لاکھ ٹن خوردنی تیل درآمد کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :