سندھ ہائیکورٹ کا نجی ٹی وی کو پیمرا کا عائد کردہ دس لاکھ روپے جرمانہ جمع کروانے کا حکم

جمعرات 11 فروری 2016 17:31

اسلام آباد/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 فروری۔2016ء) سندھ ہائیکورٹ نے سماء ٹی وی کی پیمرا کے عائد کردہ دس لاکھ روپے جرمانہ کے خلاف دائر کردہ اپیل کی سماعت کے دوران سماء ٹی وی کو فوری طور پر پیمرا کا عائد کردہ جرمانہ جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 3مارچ 2016؁ء تک ملتوی کردی ہے۔ بدھ کو پیمرا کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پیمرا اتھارٹی نے اپنے 29جنوری 2016؁ء کے اجلاس میں سماء ٹی وی کے ایک جرائم کی منظر کشی کے پروگرام "واردات" کے دوران ایک انتہائی فحش ، قابلِ اعتراض اور غیر اخلاقی پیغام جو کہ نہ صرف پیمرا قوانین، سپریم کورٹ کے نافذ کردہ ضابطۂ اخلاق بلکہ ہماری سماجی، ثقافتی اور مذہبی قدروں کے بھی صریحاً خلاف تھا نشر کرنے پر دس لاکھ جرمانہ عائد کرنے کی منظوری دی تھی۔

(جاری ہے)

اتھارٹی کے حکم کے مطابق جرمانے کی ادائیگی اور معذرت نشر کرنے کا عمل پندرہ (15)دن کے اندر مکمل ہونا تھااور فیصلے پر عملداآمد کی آخری تاریخ 13فروری 2016؁ء تھی ۔ جبکہ اتھارٹی کے فیصلے کے خلاف سماء ٹی نے سندھ ہائیکورٹ میں گذشتہ روز ایک اپیل دائر کی۔ پیمرا کے وکیل رشید اے رضوی عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور اپنا مؤقف پیش کیا۔ عدالت عالیہ نے دونوں فریقین کا مؤقف سنتے ہوئے سماء ٹی وی کے وکیل کو فوری طور پر پیمرا کا عائد کردہ دس لاکھ روپے جرمانہ جمع کروانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3مارچ تک ملتوی کردی ۔