پاکستان سپر لیگ: پشاور زلمی کراچی کنگز کیخلاف سنسنی خیز میچ میں 3رنز سے کامیاب

جمعرات 11 فروری 2016 20:11

پاکستان سپر لیگ: پشاور زلمی کراچی کنگز کیخلاف سنسنی خیز میچ میں 3رنز ..

شارجہ(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار11فروری- 2016ء) پاکستان سپر لیگ کے دسویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے میں 3رنز سے ہرا دیا ۔ شارجہ میں جاری میچ میں پشاور نے کراچی کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ شروع کی تو اوپنر محمد حفیظ نے تمیم اقبا ل کیساتھ ملکر کراچی کے باؤلرز کو تختہ مشق بناڈالا،دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 93جوڑے جس کے بعد حفیظ 59رنز بنا کر پوویلین لوٹے۔

تمیم اقبال بھی ان کے پیچھے پیچھے 37رنز سکور کرکے پوویلین لوٹ گئے ۔ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کامران اکمل اور ڈیوڈ مالان نے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم کامران اکمل بھی 30رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے ۔ ڈیوڈ مالان بھی کچھ زیادہ نہ کرسکے اور بارہ رنز بنا کر چلتے بنے۔ پشاور کے کپتان شاہد آفریدی اور ڈیرن سیمی نے آخری کے چند اوورزمیں تیز رفتار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور 182رنز کردیا ۔

(جاری ہے)

کراچی نے 183رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کی تو اس کے پہلے 5کھلاڑی 49رنز سکور پر پوویلین لوٹ چکے تھے تاہم روی بوپارہ اور ونس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لیے 60رنز جوڑے ۔ ونس 44رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد سہیل تنویر 23رنز کی مفید اننگز کھیل کر انیسویں اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے ۔ آخری اوور میں کراچی کو چار گیندوں پر 5رنز درکار تھے تاہم روی بوپارہ کے آؤٹ نے میچ کا نقشہ بدل دیا اور کراچی کے آخری کھلاڑی ٹیم کی نیا پار نہ لگا سکے۔پشاور زلمی کیلئے وہاب ریاض نے 2جبکہ ٹیسٹ ، اصغر ، آفریدی اور سیمی نے 1،1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔

متعلقہ عنوان :