یو اے ای کی نئی کابینہ کا اعلان، مزید خواتین کی شمولیت

مسرت اور رواداری کے نام سے نئی وزارتیں بھی تخلیق،دبئی کے حکمراں کا ٹوئیٹر پراعلان

جمعرات 11 فروری 2016 20:53

یو اے ای کی نئی کابینہ کا اعلان، مزید خواتین کی شمولیت

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نائب صدر ،وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے نئی وفاقی کابینہ کا اعلان کیا اور اس میں نئی خواتین وزراء شامل کی ہیں جس کے بعد میں یو اے ای کی کابینہ میں شامل خواتین وزراء کی تعداد ایک تہائی کے لگ بھگ ہوگئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یواے ای کی حکومت نے مسرت اور رواداری کے نام سے نئی وزارتیں تخلیق کی ہیں اور ان دونوں وزارتوں کے قلم دان خواتین ہی کو سونپے ہیں۔

دنیا بھر میں شاید اپنی نوعیت کی یہ پہلی وزارتیں ہیں۔نئے وزراء کی شمولیت کے بعد یو اے ای کی وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد انتیس ہوگئی ہے۔ان میں آٹھ خواتین ہیں۔ نئی کابینہ میں وزارتوں کی تعداد کم کردی گئی ہے لیکن قومی ،تزویراتی اور اسی طرح زیادہ اہمیت کے حامل دوسرے محکموں کے وزراء کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یواے ای کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ٹویٹر کے ذریعے اپنے کابینہ میں اس رد وبدل کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان نے اس نئی کابینہ کی منظوری دے دی ہے۔

کابینہ میں ان نئی تبدیلیوں کے تحت نوجوانوں کی ایک کونسل کی تشکیل کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔اس کی چیئرپرسن ایک نوجوان خاتون کو بنایا گیا ہے اور اس کی عمر بائیس سال بھی کم ہے۔اس کونسل میں نوجوان مردوں اور خواتین کو شامل کیا جائے گا اور وہ مشاورتی عہدوں پر کام کریں گے۔شیخ محمد بن راشد نے نجلاء محمد العور کو وزیرمملکت برائے کمیونٹی ترقی، جمیلہ سالم المہیری کو وزیرمملکت برائے تعلیم ،عیود الرومی کو وزیر مملکت برائے مسرت وشادمانی اور نورۃ الیعبی کو وفاقی قومی کونسل کے امور کی وزیرمملکت مقرر کیا ہے۔

شما المزروعی کو نوجوانوں کے امور کی وزیر مملکت بنایا گیا ہے۔ وہ نوجوانوں کی قومی کونسل کی سربراہ بھی ہوں گی۔بعض وزارتوں کے نام تبدیل کردیے گئے ہیں اور انھیں نئی ذمے داریاں سونپی گئی ہیں۔وزارت برائے امور خارجہ کو بین الاقوامی تعاون اور ترقی کی وزارت میں ضم کردیا گیا ہے۔ وزارت برائے کابینہ امور کا نام تبدیل کرکے وزارت برائے کابینہ امور اور مستقبل رکھ دیا گیا ہے۔اس کا مقصد یو اے ای کے ''بعد ازتیل'' مستقبل کی تیاری کرنا ہے۔شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے سوموار کے روز ٹویٹر پر یہ اعلان کیا تھا کہ یو اے ای کی حکومت بیشتر سرکاری امور کو انجام دہی کے لیے نجی شعبے کے حوالے کردے گی اور وزارتوں کی تعداد بھی کم کردی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :