ایبٹ آباد، شدید برف باری‘سردی کی شدت میں اضافہ‘ مختلف علاقوں میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن

سیاحوں کو باڑیاں اورہرنو کے مقام پر پولیس کلیئرنس لینے کی ہدایت ‘گلیات سے نواحی علاقوں کو جانے والی تمام رابطہ سڑکیں ٹریفک کیلئے بند

جمعرات 11 فروری 2016 22:15

ایبٹ آباد، شدید برف باری‘سردی کی شدت میں اضافہ‘ مختلف علاقوں میں بجلی ..

ایبٹ آباد۔ 11 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 فروری۔2016ء) ایبٹ آباد میں شدید برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ایبٹ آباد سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن اورگلیات میں برف باری کے باعث تمام رابطہ سڑکیں ٹریفک کیلئے بند ہوگئیں ہیں۔بدھ اورجمعرات کے درمیانی شب ایبٹ آباد میں شروع ہونے والی برف باری کا سلسلہ دن3بجے تک جاری رہا۔

شدید برف باری کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکررہ گئے ہیں۔ایبٹ آباد میں ایک فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے ۔گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق گلیات میں 5فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے ۔گلیات جانے والے سٹرک پرشدید پھسلن کے باعث ہرنو اور باڑیاں کے مقام پر چھوٹی گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا عملہ بھاری مشنری کے ذریعے مری روڈ سے برف ہٹانے میں مصروف ہے ۔

سیاحوں کو باڑیاں اورہرنو کے مقام پر پولیس کلیئرنس لینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔کلیئرنس کے بغیر کسی سیاح کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔ نتھیاگلی‘ڈونگاگلی‘ایوبیہ میں شدید برف باری کے باعث متعدد سیاح ان علاقوں میں پھنس گئے ہیں۔برف باری سے گلیات سے نواحی علاقوں کو جانے والی تمام رابطہ سڑکیں ٹریفک کیلئے بند ہوچکی ہیں۔رابطہ سڑکیں بند ہونے سے گلیات کے ملحقہ علاقوں کی گلیات سے زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔

راستوں کی بندش کے باعث ان علاقوں میں اشیائے خوردونوش کی قلت کا خدشہ ہے۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام سے رابطہ سڑکوں سے فوری طورپربرف ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ایبٹ آباد سمیت مختلف علاقوں میں برف باری کے باعث مواصلاتی نظام بری طرح متاثرہوا ہے۔ضلع ایبٹ آباد میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن رہا۔

متعلقہ عنوان :