میکسیکو: جیل میں قیدیوں کے دو گروپوں میں ہنگامہ آرائی، 52 ہلاک ،متعدد زخمی

جمعہ 12 فروری 2016 11:34

میکسیکو: جیل میں قیدیوں کے دو گروپوں میں ہنگامہ آرائی، 52 ہلاک ،متعدد ..

میکسیکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 فروری۔2016ء)میکسیکو کی جیل میں قیدیوں کے دو گروپوں کے درمیان ہنگامہ آرائی اور آگ لگنے سے 52 سے زائد قیدی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔میکسیکو کے شہر مونتے ری کی جیل میں رات گئے قیدیوں کے دو گروپوں کے درمیان تصادم ہوا جس کے بعد جیل کے ایک حصے میں آگ لگ گئی ، دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ہنگامہ آرائی کی اطلاعات کے بعد قیدیوں کے اہل خانہ جیل کے باہر جمع ہوگئے، زخمی قیدیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

نوئیو لیون صوبے کے گورنر جیم روڈرز کا کہنا کہ ٹوپوچیکو جیل میں جو بارہ قیدی زخمی ہوئے ہیں ان میں سے پانچ کی حالات کافی نازک ہے۔ان کے مطابق قیدیوں کے جن دوگروپ میں لڑائی ہوئی انھوں نے ایک دوسرے پر دھار دار ہتھیار، بلّوں اور لاٹھیوں سے حملہ کیا۔

(جاری ہے)

صوبے کے گورنر نے اپنے پہلے بیان میں ہلاک ہونے والے قیدیوں کی تعداد 52 بتائی تھی لیکن اس کے بعد اسے 49 بتایا گیا جس میں سے اب تک کے 40 کی شناخت کر لی گئی ہے۔

جیل میں قیدیوں کے درمیان اس طرح کی سخت لڑائی ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس شمالی میکسیکو کے ایک قید خانے کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں منشیات میں ملوث مافیاوٴں کے درمیان اکثر تشدد کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔مسٹر روڈرز کا کہنا تھا کہ قیدیوں کے دونوں حریف فریقوں میں لڑائی تقریبا آدھی رات کو شروع ہوئی اور 30 سے 40 منٹ تک جاری رہی ہے جس کے دوران ان قیدیوں نے جیل کے ایک سٹور خانے کو بھی آگ لگانی کی کوشش کی۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے سبھی مرد ہیں۔ان کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد دوسرے قید خانوں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور بعض قیدیوں کو دوسری جیلوں کو منتقل کیا گیا ہے۔اس دوران قیدیوں کے اہل خانہ بھی خبر سن کر جیل پہنچے اور انھوں نے حکام سے اپنے لواحقین کے متعلق دریافت کیا لیکن جب انھیں اطمینان بخش معلومات نہیں ملیں تو انھوں نے بھی بطور احتجاج جیل کے باہر راستوں کو بلاک کیا۔ادھر حکام کا کہنا ہے کہ اب جیل پر مکمل طور پر قابو پایا جا چکا ہے۔