چیف سلیکٹر ہارون شید نے خرم منظور کے معاملے پر وقار یونس سے اختلافات کی خبروں کو مسترد کردیا

جمعہ 12 فروری 2016 11:57

چیف سلیکٹر ہارون شید نے خرم منظور کے معاملے پر وقار یونس سے اختلافات ..

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون شید نے خرم منظور کے معاملے پر وقار یونس سے اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ احمد شہزاد مسلسل ناکامی سے دوچار تھے ‘ احمد شہزاد کے متبادل کے طور پر خرم منظور بہتر انتخاب ہیں ۔ ایک انٹرویو میں ہارون رشید نے کہا کہ احمد شہزاد مسلسل ناکامی سے دوچار تھے جس کے باعث انہیں شامل نہیں کیا گیاانہوں نے کہا کہ احمد شہزاد کے متبادل کے طور پر خرم منظور بہتر انتخاب ہیں جس کی وجہ ان کی ڈومیسٹک کرکٹ اور انگلینڈ لائنز کے خلاف شاندار کارکردگی ہے۔

ہارون رشید نے کہا کہ دیگر اوپنرز کے مقابلے میں خرم منظور کو ان کے تجربے کی بنیاد پر فوقیت دی گئی ہے اور امید ہے کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

ہارون رشید نے کہا کہ احمد شہزاد اور صہیب مقصود پر کرکٹ ٹیم کے دروازے بند نہیں ہوئے اور وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھا کر دوبارہ واپسی کرسکتے ہیں۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ اس وقت دونوں کھلاڑی مسلسل ناکامی کا شکار تھے لہٰذا انہیں آرام دینا ضروری تھا کیونکہ ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہوجائے تو اس سے نکلنا کھلاڑی کیلئے اور مشکل ہوجاتا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے خرم منظور کے انتخاب پر ٹیم انتظامیہ خصوصاً کوچ وقار یونس کی مخالفت کے تاثر کو یکسر رد کیا۔ہارون رشید نے کہا کہ خرم منظور کی سلیکشن متفقہ طور پر ہوئی اور کوچ وقار یونس سے اس معاملے پر اختلافات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔