ٹراما سینٹر کلر کہار کو جلد فنکشنل کرنے کے اقدمات کی ہدایت

ٹراما سینٹر میں CT سکین مشین اور بڑا ٹرانسفارمر جلد نصب ہو جائے گا ڈاکٹرز کی تعیناتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے: مشیر صحت کی زیر صدارت اجلاس

جمعہ 12 فروری 2016 18:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 فروری۔2016ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی ہے کہ ٹراما سینٹر کلر کہار ضلع چکوال کو جلد از جلد فنکشنل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ موٹروے پر ہونے والے ٹریفک حادثات میں زخمی افراد کو بروقت طبی امداد پہنچانے کے لئے ٹراما سینٹر کا جلد آپریشنل ہونا انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ٹراما سینٹر کلر کہار ضلع چکوال کو ٹائم لائن کے مطابق فنکشنل کرنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلا س میں چکوال سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر ہاؤسنگ،مواصلات وتعمیرات ملک تنویر اسلم اعوان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جا ن خان،ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی،ایڈیشنل سیکرٹری(ڈویلپمنٹ) ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر فیصل ظہور،ای ڈی او ہیلتھ چکوال ڈاکٹر سلطان عالمگیر اور دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ای ڈی او ہیلتھ نے بتایا کہ ٹراما سینٹر کلر کہار کے لئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ،جنرل سرجن،نیورو سرجن،بے ہوش کرنیوالے (Anesthetist)ڈاکٹر کی تعیناتی جلد کی جارہی ہے ۔ڈاکٹرسلطان عالمگیر نے بتایا کہ حکومت نے ٹراما سینٹر کے لئے 120 آسامیوں کی SNE کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر سٹاف کی بھرتی کیلئے بھی جلداخبارات میں اشتہار دیا جارہا ہے۔ای ڈی او ہیلتھ نے مزید بتایا کہ کلر کہار ٹراما سینٹرمیں سی ٹی سکین مشین نصب کی جارہی ہے جس کو بجلی فراہم کرنے کے لئے 200 کلو واٹ کا ٹرانسفارمر نصب ہونا باقی ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے ڈی سی او چکوال کو ہدایت کی کہ واپڈا حکام سے رابطہ کرکے ٹرانسفارمر کی تنصیب کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔اس موقع پر صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا کہ کلر کہار میں ٹراما سینٹر کی تعمیر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے علاقے کے لوگوں کے لئے بہت بڑی سہولت ہے اور ٹریفک حادثات کے زخمیوں کو ٹراما سینٹر میں بروقت طبی امداد دے کر انکی جان بچائی جا سکے گی

متعلقہ عنوان :