ادویات مہنگی ہونے پر احتجاج، پنجاب میں نئی قیمتوں پر فروخت بند

جمعہ 12 فروری 2016 19:30

ادویات مہنگی ہونے پر احتجاج، پنجاب میں نئی قیمتوں پر فروخت بند

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 فروری۔2016ء) عوام کے سخت احتجاج کے نتیجہ میں پنجاب حکومت نے نئی قیمتوں پر ادویات کی فروخت روک دی اور اس حوالے سے صوبے کے تمام ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب ڈاکٹر ذکا الرحمن نے مقامی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ادویات کی قیمتیں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی اجازت کے بغیر بڑھائی گئی ہیں۔

جب تک ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نئی قیمتوں کی تائید نہیں کرتی تب تک ہم کوشش کریں گے نئی قیمتوں کو پنجاب میں لاگو نہ کیا جائے۔ دریں اثنا عوام اور مریضوں کے احتجاج کے باوجود ادویہ ساز کمپنیوں نے نئی قیمتوں کی فہرست جاری کردی ہے جس کے مطابق پیناڈول 500 ملی گرام 200 گولیوں کی قیمت 240 روپے، پینا ڈول ایکسٹرا 100گولیوں کی قیمت 159روپے، پیناڈول سی ایف 100 گولیوں کی قیمت 240 روپے، پیناڈول ڈراپس 20 ملی لٹر کی نئی قیمت 35روپے، اسی طرح ایکٹی فائیڈ ڈی ایم کف سیرپ 90 ملی لٹر کی قیمت 60 روپے اور ایکٹی فائیڈ پی الیگزر سیرپ 90 ملی لٹر کی قیمت 50 روپے مختص کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سٹور مالکان کا کہنا ہے مرگی کی ادویات ایک ماہ سے شارٹ ہیں، ٹیگرال، سینرول اور مائیگرل گولیاں اور شربت دستیاب نہ ہونے سے مریضوں کے مرض میں اضافہ ہورہا ہے اور ان کے اندر شدید اضطراب پایا جارہا ہے۔ مریضوں کا کہنا ہے جب گورنمنٹ سرکاری ہسپتالوں کیلئے سستی ادویات خرید سکتی ہے تو پھر عوام کیلئے میڈیکل سٹوروں پر کیوں مہنگائی کروائی جارہی ہے۔ نیوز ایجنسی آئی این پی کے مطابق پنجاب حکومت نے قیمتوں میں اضافہ کرنے والی ادویہ ساز کمپنیوں کے خلاف کریک ڈا?ن کا فیصلہ کیا ہے جلد ان کے خلاف کارروائی شروع کردی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :