پاکستان جاپان کیساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے، جرائم کی روک تھام، موثر تفتیش، کوئیک ریسپانس سسٹم کے سلسلے میں جاپان کے مزید ادارہ جاتی تعاون کا خیر مقدم کرے گا

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارکی سبکدوش جاپانی سفیر ہیروشی انوماتا سے الوداعی ملاقات میں گفتگو

جمعہ 12 فروری 2016 20:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس میں مزید مضبوطی اور فروغ کا خواہاں ہے، جاپان نے ہمیشہ پاکستانی قوم کے اقدار، جذبات اور مفادات کو مقدم رکھا ، پاکستان جرائم کی روک تھام، موثر تفتیش، کوئیک ریسپانس سسٹم اور ٹریفک کے بہتر انتظام کے سلسلے میں جاپان کی طرف سے ادارہ جاتی طور پر مزید تعاون کا خیر مقدم کرے گا۔

وہ جمعہ کو یہاں سبکدوش ہونیوالے جاپانی سفیر ہیروشی انوماتا سے الوداعی ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں پاک جاپان تعلقات اوردو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرداخلہ نے الوداع ہونے والے جاپانی سفیر کی آئندہ زندگی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

جاپانی سفیر نے اپنی مدتِ تعیناتی کے دوران مکمل تعاون فراہم کرنے پر حکومت پاکستان اور وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے خلوص، دوستی اورمہمان نوازی کی انمٹ یادیں ہمیشہ ساتھ رہیں گی۔

پاکستان کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے جاپانی سفیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے پچھلے ڈھائی سالوں میں پاکستان میں امن امان کی صورتحال میں واضح اور مثبت بہتری آئی ہے جس کی واضح مثال کراچی میں جاپانی سرمایہ کاروں کی آمدو رفت اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہے۔ وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان نے پاک جاپان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں جاپانی سفیر کی خدمات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس میں مزید مضبوطی اور فروغ کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاپان ایک ایسا ملک ہے جس نے ہمیشہ پاکستانی قوم کے اقدار، جذبات اور مفادات کو مقدم رکھا ہے اور اس دوستی کی پاکستانی قوم سے کبھی کوئی قیمت نہیں مانگی۔ امن و امان کی بہتری اور پولیس کی استعدادِکار بڑھانے کے سلسلے میں حکومت جاپان کی طرف سے اب تک مہیاکئے گئے تعا ون کو سراہاتے ہوئے وزیرِداخلہ کہا کہ پاکستان جرائم کی روک تھام، موثر تفتیش، کوئیک ریسپانس سسٹم اور ٹریفک کے بہتر انتظام کے سلسلے میں جاپان کی طرف سے ادارہ جاتی طور پر مزید تعاون کا خیر مقدم کرے گا۔

متعلقہ عنوان :