بھارت توانائی سیکٹر میں پاکستان کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی مسعود خان

جمعہ 12 فروری 2016 22:41

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 فروری۔2016ء) ڈائریکٹر جنرل انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت توانائی سیکٹر میں پاکستان کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے، پاکستان کو اپنے ایٹمی پروگرام کی ترقی کے دوران ہر قسم کی پابندیوں کے علاوہ امتیازی سلوک کیا گیا، پاکستان کیساتھ امتیازی سلوک اور دہرے معیار کا خاتمہ کیا جائے، پاکستان کو امریکہ کیساتھ سول جوہری معاہدے کیلئے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔

بدھ کو آئی ایس ایس آئی میں نیوکلیئر پیپر سیریز سے متعلق تین رپورٹس کے اجراء کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے ایٹمی پروگرام پر انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کیلئے متعدد تجاویز پیش کیں لیکن بھارت نے کوئی مناسب جواب نہیں دیا۔

(جاری ہے)

پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی چاہتا ہے لیکن ایٹمی پروگرام کے حوالے سے ہمارے ساتھ امتیازی سلوک کیاجارہا ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان ایک ایٹمی ریاست ہے جو ایک حقیقت ہے، پاکستان اپنے ایٹمی پروگرام پر کسی قسم کی پابندی قبول نہیں کریگا، پاکستان کی نیوکلیئر توانائی کی جائز ضروریات ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل آرمز کنٹرول اینڈ ڈس آرممنٹ افیئرز خالد بنوری نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی ہتھیاروں کے حصول میں پہل نہیں کی، ہماری ایٹمی صلاحیت کا مقصد علاقائی سیکورٹی کو برقرا رکھنا اور جنگ سے کنارہ کشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے نزدیک ایٹمی ہتھیار وقار کیلئے ہیں جبکہ پاکستان کا مقصد بیرونی جارحیت روکنا تھا۔

متعلقہ عنوان :